پوسٹ گریجویشن کورسیس میں داخلہ انٹرنس، او یو سیٹ کے نتائج

ویب سائیٹ پر رینکس ، 7 جولائی سے ویب کونسلنگ کا آغاز
حیدرآباد۔ 2 جولائی (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی حدود میں واقع پالمور یونیورسٹی، مہاتما گاندھی یونیورسٹی اور تلنگانہ یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقدہ ’’او یو سیٹ۔2017ء‘‘ (OU-CET-2017) کے نتائج کا آج اعلان کردیا گیا۔ وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر رامچندرم نے او یو سیٹ کے نتائج جاری کئے۔ انہوں نے بتایا کہ عثمانیہ یونیورسٹی سیٹ کے جاری کردہ نتائج کی روشنی میں 95.61% طلبہ نے کامیابی حاصل کی جبکہ جاریہ سال عثمانیہ یونیورسٹی سیٹ 2017ء کیلئے جملہ 89,673 طلبہ نے درخواستیں داخل کئے تھے اور 72,077 درخواست گذاروں نے امتحان یعنی او یو سیٹ 2017ء میں شرکت کی جن کے منجملہ 68,912 طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔ وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر رامچندرم نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 3 جون تا 13 جون 22 مراکز پر امتحانات منعقد کئے گئے۔ عثمانیہ یونیورسٹی سیٹ میں کامیاب طلبہ اپنے رینک کارڈز کے حصول کیلئے متعلقہ ویب سائیٹ کا مشاہدہ کرتے ہوئے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں جبکہ 7 جولائی سے ویب کونسلنگ کا آغاز کیا جائے گا اور اس ویب کونسلنگ کا شیڈول بہت جلد جاری کیا جائے گا۔ او یو سیٹ 2017ء کے نتائج اور ویب کونسلنگ کیلئے www.osmania.ac.in یا www.ouadmissions.com کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔