حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے نئی دہلی میں شروع کردہ انڈیا پوسٹ پے منٹ بینکس کے ایک حصہ کے طور پر تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے یہاں اس پروگرام کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈیا پوسٹس پے منٹ بینک کوئی مالیاتی شمولیاتی ادارہ نہیں ہے بلکہ ہندوستان کے عوام کو یکجا کررہے ہیں چنانچہ انہیں عوامی شمولیاتی ادارہ قرار دیا جانا چاہئے ۔ سابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت جب ڈاک خانے بند ہونے کے دہانے پر پہونچ گئے تھے ۔ نریندر مودی حکومت ان کی بقاء کے لیے مختلف ترقیاتی پروگرام شروع کی ہے اور اب ’ انڈیا پوسٹ ‘ ہندوستان بھر میں ہر شہری کی دہلیز پر بینک کے طور پر کام کریں گے ۔ تلنگانہ کے چیف پوسٹ ماسٹر جنرل بریگیڈیٹر بی چندر شیکھر نے اہم خدوخال بیان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اس کی 23 شاخیں اور 115 مراکز رسائی ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا پوسٹ کے 17 کروڑ پوسٹ آفیس سیونگس اکاونٹس کے ساتھ 40 کروڑ صارفین ہیں ۔ حیدرآباد کی پوسٹ ماسٹر جنرل رادھیکا چکرورتی نے ابتداء میں مہمانوں اور تمام شرکاء کا خیر مقدم کیا اور اس اسکیم کو مالیاتی شمولیات کا ایک اہم ترین دن قرار دیا ۔ رکن اسمبلی چنتلہ رامچندر نے مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی ۔۔