پوسٹ پے منٹس بینک کی تجویز کو کابینہ کی منظوری

ملک کے 650 دیہی ڈاک خانوں میں پے منٹس بینکس شاخوں کے قیام کا فیصلہ
نئی دہلی ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر ٹیلیکام روی شنکر پرساد نے آج کہا کہ حکومت نے 800 کروڑ روپئے کے کارپس فنڈ کے ساھت انڈیا پوسٹ پے منٹس بینک کے قیام کی تجویز کو منظوری دیدی ہے۔ پرساد نے کہا کہ ’’کابینہ نے پوسٹل پے منٹس (ڈاک کے ذریعہ ادائیگیوں) کی تجویز کو منظوری دی ہے۔ ہمارے پاس 1.54 لاکھ ڈاک خانے ہیں، جن کے منجملہ 1.39 لاکھ دیہی ڈاک خانے ہیں۔ ملک میں پوسٹل پے منٹس کی 650 شاخیں قائم کی جائیں گی جنہیں دیہی ڈاک خانوں سے مربوط کیا جائے گا‘‘۔ وزیرٹیلی کام نے کہا کہ ادائیگیات کی یہ بینکس چیف ایگزیکیٹیو آفیسرس کی طرف سے چلائی جائیں گی اور پیشہ ورانہ انداز میں ان کا کام چلایا جائے گا۔ ان بینکوں میں بشمول محکمہ ڈاک، محکمہ مصارف، محکمہ اقتصادی خدمات وغیرہ دیگر کئی سرکاری محکمہ جات کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر 2017ء تک تمام پوسٹل پے منٹس بینکس کارکرد ہوجائیں گی۔ گرامین ڈاک سیوکوں کو مارچ 2017ء تک دیہی ڈاک خانوں میں دستی آلات فراہم کئے جائیں گے۔