پوسٹ میٹرک اسکالر شپس ، ادخال درخواست کی آخری تاریخ 7 اکٹوبر مقرر

10 اکٹوبر تک تجدید کی مہلت ، پری میٹرک اسکالر شپس کے لیے میرٹ کی بنیاد پر درخواستوں کی یکسوئی ممکن
حیدرآباد۔ 22۔ ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی پری میٹرک اسکالرشپ کے لئے تلنگانہ اور آندھراپردیش ریاستوں میں مقررہ ٹارگٹ سے بہت زیادہ درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ پری میٹرک اسکالرشپ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 20 ستمبر تھی اور رات 12 بجے تک درخواستوں کے ادخال کیلئے لائین کو کھلا رکھا گیا تھا۔ نئی درخواستوں اور رینیول دونوں زمروں کے تحت درخواستوں کے ادخال کا عمل مکمل ہوگیااور تلنگانہ اور آندھراپردیش میں تقریباً 40 تا 50 ہزار زائد درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ پری میٹرک اسکالرشپ کے سلسلہ میں طلباء میں غیر معمولی دلچسپی کے باعث اہل امیدواروں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا ۔ مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ میں پری میٹرک کے تحت نئی درخواستوں کیلئے نشانہ 66,789 مقرر کیا گیا تھا تاہم 1,11,887 درخواستیں وصول ہوئیں۔ اس کے علاوہ رینیول کے تحت 1,22,123 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے سلسلہ میں تلنگانہ کا نشانہ 9948 ہے جس کے لئے نئی درخواستیں 4949 وصول ہوئیں جبکہ رینیول کے تحت 716 درخواستیں داخل کی گئیں۔ پوسٹ میٹرک کے لئے نئی درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 7 اکتوبر ہے جبکہ رینیول کی درخواستیں 10 اکتوبر تک قبول کی جائیں گی۔ تلنگانہ میں میرٹ کم مینس اسکالرشپ کیلئے ٹارگٹ 1194 ہے تاہم 1857 نئی درخواستیں داخل کی گئیں اور رینیول کے تحت 169 درخواستیں وصول ہوئیں۔ اس زمرہ کے تحت نئی درخواستیں 7 اکتوبر تک داخل کی جاسکتی ہیں جبکہ رینیول کی درخواستیں 15 نومبر تک قبول کی جائیں گی۔ آندھراپردیش میں پری میٹرک اسکالرشپ کا نشانہ 61389 مقرر کیا گیا تھا جبکہ 20 ستمبر تک 1,35,332 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ اسی زمرہ کے تحت 80886 رینیول درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے لئے جس کی آخری تاریخ ابھی باقی ہے، تاحال 3727 نئی اور رینیول کی 187 درخواستیں وصول ہوئیں۔ میرٹ کم مینس کے تحت آندھراپردیش میں 1893 نئی اور 36 رینیول کی درخواستیں داخل کی گئیں۔ تینوں زمروں کے اسکالرشپ کے لئے تلنگانہ کا نشانہ 77931 ہے جبکہ تینوں زمروں کے تحت جملہ 11,8693 نئی درخواستیں اور رینیول کے تحت 123008 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ آندھراپردیش میں تینوں اسکالرشپ کا نشانہ 70451 ہے جبکہ نئی درخواستیں 140948 اور رینیول کی 81109 درخواستیں داخل کی گئیں۔ دونوں ریاستوں سے جملہ 450228 درخواستیں داخل کی گئیں ہیں۔ مرکزی وزارت اقلیتی بہبود تمام درخواستوں کی یکسوئی میرٹ کی بنیاد پر کرے گی ۔ یکم تا پانچویں جماعت کیلئے اسکالرشپ ایک ہزار روپئے مقرر ہے جبکہ چھٹی تا دسویں جماعت تک 5,000 روپئے اور انٹرمیڈیٹ تا پوسٹ گریجویشن 6,000 روپئے ادا کئے جائیں گے۔