پوسٹ آفسوں میں یکم نومبر سے نان جوڈیشیل اسٹامپس پیپرس کی فروختگی

محکمہ ڈاک کے خسارہ پر قابو پانے کے اقدامات، بی وی سدھاکر چیف پوسٹ ماسٹر جنرل کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 12 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں محکمہ ڈاک کی جانب سے یکم نومبر سے پوسٹ آفسیس میں عوامی سہولت کیلئے ’’نان جوڈیشیل اسٹامپس پیپرس‘‘ کی فروخت کا آغاز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ محکمہ ڈاک کی جانب سے سال 2016-2017 ء تک محکمہ ڈاک کے خسارہ کو ختم کرنے کیلئے مؤثر و مثبت اقدامات کئے جائیں گے۔ ریاست تلنگانہ میں 9 تا 15 اکٹوبر تک جاری ’’ہفتہ قومی پوسٹل تقاریب‘‘ کے سلسلہ میں اخباری نمائندوں کو مکمل تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے چیف پوسٹ ماسٹر جنرل اے پی سرکل مسٹر بی وی سدھاکر نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ محکمہ پوسٹل سرویسیس ماہ نومبر سے ’’ای کامرس‘‘ پروگرام شروع کرنے کی تجویز رکھتا ہے۔ اُنھوں نے ریاست آندھراپردیش و تلنگانہ میں تقسیم کئے گئے آدھار کارڈس کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2013-14 ء کے دوران محکمہ ڈاک کے ملازمین نے اپنی فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جملہ 9 کروڑ آدھار کارڈس عوام تک پہونچانے کی خدمات انجام دیئے ہیں جس سے محکمہ ڈاک کو 45 کروڑ روپئے کا نفع حاصل ہوا ہے۔ اسی طرح سال 2014-15 ء میں اب تک زائداز دو کروڑ آدھار کارڈس عوام تک محکمہ ڈاک نے فراہم کئے جس کے ذریعہ محکمہ ڈاک کو اب تک جملہ 8 کروڑ روپئے کا نفع حاصل ہوا ہے۔ مسٹر بی وی سدھاکر نے بتایا کہ اے پی سرکل میں محکمہ ڈاک کو ہونے والے خسارہ میں کمی کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اور ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر ہر سال 100 کروڑ روپئے کے خسارہ میں کمی کی جائے گی۔ اُنھوں نے مزید بتایا کہ سال 2012-13 ء میں محکمہ پوسٹل اے پی سرکل نے 28455 کروڑ روپیوں کے کاروبار کئے اور سال 2013-14 ء میں جملہ 29,280 کروڑ روپیوں کے کاروبار کئے۔ چیف پوسٹ ماسٹر جنرل اے پی سرکل نے بتایا کہ محکمہ ڈاک میں جملہ 31.21 کروڑ سیونگس اکاؤنٹس پائے جاتے ہیں اور ان سیونگس اکاؤنٹس میں 6,04 لاکھ کروڑ روپیوں کے ڈپازٹس موجود ہیں اور مزید بہتر سیونگس سرویسیس کی اپنے صارفین کو فراہمی کیلئے ملک بھر میں کور بینکنگ سولیوشن کو روبہ عمل لایا جارہا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ محکمہ پوسٹ اے پی سرکل کی جانب سے مدارس میں اسکول یونیفارمس کی تقسیم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس طرح ریاست تلنگانہ اور آندھراپردیش کے 18 اضلاع میں 73 ہزار اسکولس کا احاطہ کیا گیا۔ مسٹر بی وی سدھاکر نے کہاکہ اڈورٹائزنگ کیلئے محکمہ ڈاک ویب کاسٹنگ ٹیکنکس کے استعمال کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کررہا ہے۔