سرکاری املاک اور دیواروں کو بدنما کرنے پر سخت کارروائی
حیدرآباد ۔ /27 جنوری (سیاست نیوز) سٹی پولیس نے سرکاری املاک کو تشہیر کی غرض سے استعمال کرنے پر سخت کارروائی کا منصوبہ بنایا ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے آج دونوں شہروں کے تمام پولیس اسٹیشنس کو احکامات جاری کرتے ہوئے سرکاری عمارتوں کی دیواروں پر پوسٹرس چسپاں کرنے، بیانرس ، فلیکس آویزاں اور وال رائیٹنگ میں ملوث افراد و اداروں کے خلاف پی ڈی پی پی ایکٹ 1984 ء کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ۔ ان احکامات کے بموجب شہر کے فلائی اوور بریجس ، سرکاری دفاتر ، برقی کھمبے ، ٹیلیفون کھمبے ، میٹرو ریل کے پلرس، پی وی این آر ایکسپریس وے کے پلرس اور دیگر سرکاری املاک پر تشہیر کی غرض سے کسی بھی ادارہ کی جانب سے پوسٹرس یا بیانرس نصب کئے جانے پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔ متعلقہ پولیس اسٹیشنس کے سیکٹر سب انسپکٹرس اپنے اپنے حلقوں میں موجود سرکاری املاک پر نصب کئے گئے بیانرس یا فلیکس موجود ہونے پر اس کی تصویر کشی اور ویڈیو گرافی کرنے میں مصروف ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف مذکورہ ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اس خصوصی مہم کے تحت سیاسی پارٹیوں کی جانب سے نصب کئے گئے بیانرس و پوسٹرس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر کے کئی مقامات پر سرکاری دفاتر کے دیواروں پر ، تعلیمی اداروں بشمول اسکولس اور کالجس کی جانب سے بڑے پیمانے پر تشہیر کی غرض سے پوسٹرس اور بیانرس لگائے گئے ہیں جس کے نتیجہ میں پولیس اِن اداروں کے خلاف کارروائی کرے گی ۔ شہر میں لا اینڈ آرڈر کو بہتر بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کے بعد کمشنر پولیس حیدرآباد نے دونوں شہروں میں موجود سرکاری املاک کو بدنمائی سے بچانے کیلئے یہ خصوصی مہم کا منصوبہ بنایا ہے جس کا آغاز کل سے ہوگا ۔ اس سلسلے میں روزانہ کمشنر پولیس دونوں شہروں کے پولیس اسٹیشنس سے رپورٹ طلب کریں گے اور اس ایکٹ کے ذریعہ سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا ۔