پورا ملک تلنگانہ کی طرف دیکھ رہا ہے : نائب وزیراعلی کڈیم سری ہری

حیدرآباد 12 مئی ( سیاست نیوز ) تلنگانہ کے نائب وزیراعلی کڈیم سری ہری نے واضح کیا ہے کہ ریاست کی بہتر فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کے سبب پورا ملک تلنگانہ کی سمت دیکھ رہا ہے ۔ انہوں نے حال ہی میں کسانوں کو فصل اگانے کے لئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے دی جارہی رقمی امداد کی اسکیم رعیتو بندھو کی کافی ستائش کی اور اسے دیگر ریاستوں کے لئے ایک مثا ل قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی کسی بھی ریاست میں اس طرح کی اسکیم کی شروعات نہیں کی گئی ہے ۔مسٹر سری ہری نے جئے شنکر بھوپال پلی ضلع میں اس اسکیم کے چیکس او رپٹہ دارف پاس بکس کی کسانوں میں تقسیم عمل میں لائی ۔ اس موقع پر کسانوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سری ہری نے اس اسکیم کو کسانوں کے لئے کافی فائدہ مند قرادیا اور کہا کہ فصل اگانے کے لئے کسانوں کو ساہوکاروں سے قرض حاصل کرنا پڑتا تھا تاہم اب حکومت کی اس اسکیم کے ذریعہ ان کو فصل اگانے کے لئے رقمی امداد دی جارہی ہے جو ناقابل واپسی ہے ۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلی چندرشیکھر راو کسان برادری کو خوش دیکھنا چاہتے ہیں ۔وہ چاہتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں دیگر نئی اسکیمات کے ذریعہ کسانوں میں خوشحالی لائی جائے ۔