یوم پیدائش پر پوڈوچیری میں بھی تقریب، چیف منسٹر پوڈوچیری نے وزرائ، ارکان اسمبلی اور سیاسی قائدین کی قیادت کی
نئی دہلی۔14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند، وزیراعظم نریندر مودی، سینئر کانگریس قائد سونیا گاندھی نے ہندوستان کے اولین وزیراعظم پنڈت جواہرلال نہرو کو ان کے 129 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ پنڈت نہرو موتی لال نہرو اور سوروپ رانی کے بیٹے تھے اور 14 نومبر 1889ء کو اترپردیش کے شہر الہ آباد میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا یوم پیدائش یوم اطفال کے طور پر منایا جاتا ہے۔ وہ 1964ء میں اپنے انتقال تک وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہے۔ سابق صدر پرنب مکرجی، سابق نائب صدر محمد حامد انصاری، سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور سینئر کانگریس قائد سونیا گاندھی نے پنڈت نہرو کو شانتی ون میں خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے سرکاری ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ شری جواہر لال نہرو کی یاد جو ہمارے اولین وزیراعظم تھے، ان کی یوم پیدائش تقریب پر ضروری ہے۔ انہوں نے یاددہانی کی کہ پنڈت نہرو نے ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں کیا کردار ادا کیا تھا۔ ان کی میعاد بحیثیت وزیراعظم کا تذکرہ بھی کیا گیا۔
اولین وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو ان کی یوم پیدائش تقریب کے موقع پر یاد کرتے ہوئے ہمیں جدوجہد آزادی میں ان کے حصے کو بھی یاد کرنا چاہئے اور بحیثیت وزیراعظم ان کے میعاد کے دوران کیئے ہوئے کارنامے بھی ہمیں یاد آنے چاہئیں۔ سہ رنگی غبارے فضاء میں چھوڑے گئے، بینڈ بجائے گئے اور حب الوطنی کے گیت اکسولی بچوں نے پنڈت نہرو کی یادگار شانتی ون میں پیش کیئے۔ اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن نے ارکان پارلیمنٹ کی جنہوں نے پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں پنڈرو کو خراج عقیدت پیش کیا، قیادت کی۔ ان کے علاوہ سینئر قائدین ایل کے اڈوانی، سونیا گاندھی، غلامی نبی آزادی، ملکارجن کھرگے، مرکزی وزراء وجئے گوئل، سابق چیف منسٹر بھوپیندر سنگھ اور دیگر نہرو کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں شامل تھے۔ پوڈوچیری سے موصولہ اطلاعات کے بموجب چیف منسٹر پوڈوچیری وی نارائن سوامی نے مرکزی زیر انتظام علاقے کے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ملک کے اولین وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سیاسی قائدین، وزرائ، ارکان اسمبلی، مجاہدین آزادی اور دیگر بھی ان کے ساتھ پھول مالا چڑھاکر پنڈت نہرو کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں شامل تھے۔ صدر پردیش کانگریس اور وزیر پی ڈبلیو ڈی اے نواشوایم نے بھی پنڈت نہرو کی تصویر پر پھول چڑھاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس سلسلہ میں پردیش کانگریس کی سابقہ تقاریب کے ممثال ایک تقریب منعقد کی گئی تھی۔ پنڈت جواہر لال نہرو نے ہندوستانی جمہوریت کو ایک سکیولر جمہوریہ قرار دینے اور اس کی معیشت کو سوشلسٹ معیشت بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ بھگوا پارٹی اپنی ہر ممکن کوشش کے باوجود ہندوستان کو سکیولر جمہوریہ سے ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے سے اب تک قاصر رہی ہے۔