پنڈت سمراٹ داس گپتا دور جدید کے تان سین

دفتر سیاست میں ٹھمری ترانہ ٹپہ و صوفیانہ کلام کا مظاہرہ ، جناب زاہد علی خاں کی ستائش
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : ( راست ) : ہندوستانی موسیقی کلاسیکل دنیا میں اپنا ایک مقام رکھتی ہے لیکن ہندوستان میں کلاسیکل گانے والوں کی کمی ہورہی ہے موجودہ دور میں لوگ اور نئی نسل لائٹ کلاسیکل کو پسند کررہے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ کلاسیکل سے واقف نہیں ہیں ۔ ان خیالات کااظہار جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست بموقعہ عید ملاپ تقریب روزنامہ سیاست منعقدہ محبوب حسین جگر ہال میں مخاطب تھے ۔ حیدرآباد ینگ اسٹارس کلچرل اسوسی ایشن پنڈت سمراٹ داس گپتا ( کلکتہ ) آج کے تان سین جو خیال ٹھمری ترانہ ٹپہ اور صوفیانہ کلام کو پیش کیا انہوں نے قدیم سے قدیم بندشوں کو سنا کر سماں باندھ دیا ۔ نواز غالب کنوینر و جنرل سکریٹری حیدرآباد ینگ اسٹارس کلچرل اسوسی ایشن نے نظامت کی ۔ احمد صدیقی مکیش نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ جناب زاہد علی خاں نے اپنی قدیم یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں برسوں پہلے عالمگیر شہرت یافتہ استادوں نزاکت علی خاں اور امانت علی خاں نے فن کلاسیکی کا ایسا شاندار مظاہرہ کیا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ اس وقت اس زمانے میں داخلہ ٹکٹ فی کس پانچ سو روپئے رکھا گیا تھا باوجود اس کے شائقین کا ہجوم تھا ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا آج برسوں بعد کلاسیکل اور صوفیانہ کلام سننے کو ملا ۔ پنڈت سمراٹ داس گپتا کی گائیکی کو سننے کے بعد یہ محسوس ہوا کہ واقعی یہ آج کے تان سین ہیں ۔ سیوان کے حضرت شاہ باز قلندرؒ دمادم مست قلندر سناکر داد تحسین حاصل کی ۔ جناب زاہد علی خاں نے موجد موسیقی طبلہ و ستار و دیگر آلات پر حضرت امیر خسروؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کلاسیکل سنگیت کو زندہ رکھنے والے ابھی باقی ہیں ۔ پنڈت سمراٹ داس گپتا نے آج ہمارے سامنے وہ فن پیش کیا جو یاد رکھا جائے گا ۔ عید ملاپ تقریب کے مہمان سید عزیز پاشاہ سابق ایم پی نے کہا کہ آج کے تان سین نے مختلف راگ گاکر دل کے تاروں کو چھیڑ دیا۔ واقعی سمراٹ داس گپتا کا یہ فن برسوں یاد رہے گا ۔ مدعو شائقین نے کلاسیکل خیال ٹھمری ترانہ اور صوفیانہ کلام سماعت فرمانے کے بعد کہا کہ سیاست کے زیر اہتمام بہت ہی شاندار پروگرام پیش کیا گیا جو کبھی بھلایا نہ جائے گا ۔ پنڈت سمراٹ داس گپتا کے ساتھ طبلہ پر روی کانت اور ہارمونیم پر اننت نیال کلکر نے ساز بجایا ۔ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔۔