نئی دہلی ۔ 27 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : قوم نے آج جواہر لعل نہرو کی 51 ویں برسی کے موقع پر انہیں یاد کیا جب کہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر قائدین نے ملک کے پہلے وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ، نائب صدر حامد انصاری ، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور کانگریس صدر سونیا گاندھی ان لیڈروں میں شامل تھے جنہوں نے آج صبح جمنا کنارے واقع شانتی ون پر نہرو کو گلہائے عقیدت پیش کیا ۔ تاہم آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ اس پروگرام میں راہول گاندھی شریک نہیں تھے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئیٹر پر جواہر لعل نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مجاہد آزادی اور پہلے وزیر اعظم کی حیثیت سے نہرو کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ اس موقع پر شانتی ون میں بین مذہبی دعائیہ اجتماع منعقد ہوا اور بھکتی گیت پیش کئے گئے علاوہ ازیں دیگر کانگریس قائدین غلام نبی آزاد ، شیلاڈکشٹ ، احمد پٹیل ، سری پرکاش جیسوال ، اجئے ماکن نے بھی نہرو کی یادگار پر عقیدت پیش کیا ۔