کل جماعتی قائدین کا حکومت تلنگانہ پر دباؤ، ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ دفاتر پر دھرنا
حیدرآباد ۔ 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کیلئے پنچایت انتخابات میں 34 فیصد تحفظات کو جاری رکھنے کا کل جماعتی قائدین نے حکومت تلنگانہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں آئندہ ماہ منعقد کئے جانے والے گرام پنچایت انتخابات سے متعلق پسماندہ طبقات کیلئے تحفظات کے فیصد کو برقرار رکھنے کے مطالبہ پر جدوجہد کرنے کا تمام اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل ایک کل جماعتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا اور اس فیصلہ کی روشنی میں آج ریاست بھر میں تمام ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ دفاتر کے روبرو اور بالخصوص حیدرآباد ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ کے روبرو پنچایت انتخابات میں پسماندہ طبقات کو 34 فیصد تحفظات کی برقراری کو یقینی بنانے کے مطالبہ پر بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کیا گیا۔ بالخصوص ڈسٹرکٹ کلکٹر آفس حیدرآباد کے روبرو مسٹر پی لکشمیا سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی قیادت میں بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنا پروگرام منظم کیا گیا۔ اس موقع پر مسٹر پی لکشمیا نے کہا کہ پسماندہ طبقات کے ووٹ حاصل کرکے دوبارہ اقتدار حاصل کرنے والے مسٹر کے چندرشیکھر راؤ ان پسماندہ طبقات کی پیٹھ میں خنجر گھونپ رہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی صدر مسٹر چندرشیکھر راؤ کی زیرقیادت ریاستی حکومت پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فی الوقت ریاست کے 88 فیصد عوام موجودہ ٹی آر ایس حکومت کی مخالفت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے تناسب سے تحفظات فراہم کرنے، مخالف عوام آرڈیننس سے فی الفور دستبرداری اختیار کرنے کا چیف منسٹر سے پرزور مطالبہ کیا۔ انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ پر الزام عائد کیا کہ وہ محض ریاست میں بڑی ذات (دوراز) کے افراد کی حکومت لانے کیلئے پسماندہ طبقات کے تحفظات میں کمی کرکے ناانصافی کررہے ہیں۔ اگر چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ پسماندہ طبقات کے تحفظات میں کمی کرتے ہوئے جاری کردہ آرڈیننس سے فی الفور دستبرداری اختیار نہ کرنے کی صورت میں ریاست بھر میں پسماندہ طبقات گھر گھر جاکر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے خلاف مہم چلا کر آئندہ منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات اور پنچایت انتخابات میں بہتر سبق سکھاتے ہوئے انتخابات میں ناکام بنانے کے اقدامات کریں گے۔ اس احتجاجی دھرنا پروگرام میں کل جماعتی قائدین پسماندہ طبقات کی تنظیموں کے قائدین مختلف سماجی تنظیموں کے قائدین بشمول تلنگانہ بی سی ویلفیر اسوسی ایشن ریاستی صدر جے سرینواس گوڑ وغیرہ نے بھی حصہ لیا۔