پنچایت انتخابات میں ناکام ٹی آر ایس امیدوار کاگھر گھر پہونچ کر پیسے واپس کرنے کا مطالبہ کیا

حیدرآباد 29 جنوری (سیاست نیوز) پنچایت انتخابات میں ناکام ٹی آر ایس امیدوار کے شوہر نے اپنے حلقہ کے رائے دہندوں کے گھروں پر پہونچ کر ووٹ ڈالنے کے لئے دیئے گئے پیسے واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔ اپو ہیماوتی کے شوہر نے بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں ایک وارڈ کے لئے کامیابی کو یقینی بنانے انتخابی مہم کے دوران 500 تا 700 روپئے تقسیم کئے تھے لیکن اُنھیں صرف 24 ووٹ ملے۔ اِس ناکامی سے برہم ہوکر امیدوار کے شوہر پربھاکر رائے دہندوں کے گھروں تک پہونچ گئے اور اُن کی دی ہوئی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کرنے لگے۔ سوریہ پیٹ کے ضلع جاگی ریڈی گوڑم کے وارڈ 9 میں پیش آیا۔ٹی آر ایس امیدوار اوپو ہیماوتی حالیہ انتخابات میں ناکام ہوئی ہیں۔ایک ویڈیو بھی ریکارڈ کیا گیا۔ پربھاکر نے پہلے اِن کی دی ہوئی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا جس پر عوام نے دھتکار کر بھگادیا۔ پربھاکر نے کہاکہ مجھ سے پیسے لے کر تم لوگوں نے دوسروں کو ووٹ دیا ہے۔ ایسا نہیں چلے گا۔ میرے پیسے مجھے واپس کردو۔ اِن کی چیخ پکار پر عوام کا ہجوم جمع ہوگیا اور اِنھیں پکڑ کر ڈھکیل دیا گیا۔ نوٹ برائے ووٹ کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اِس سے پہلے بھی تلنگانہ میں نوٹ برائے ووٹ کے واقعات ہوئے ہیں۔ اکٹوبر میں اُپل پولیس نے ایک اسکینڈل میں ایک شخص کو گرفتار کیا تھا۔ 2015 ء میں بڑے پیمانے پر ووٹ برائے نوٹ اسکینڈل بھی رونما ہوا تھا۔