بھولا نگر و خواجہ نگر کے غریب پنشن پانے والے نئے مرکز کو پہنچنا مشکل ، معمرین کا احتجاج
حیدرآباد ۔ 11 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : شیخ پیٹ منڈل کے ایم آر او چندرا کلا کی جانب سے بھولانگر اور خواجہ نگر کے غریب پنشن حاصل کرنے والے معمرین و دیگر کا پنشن تقسیم کرنے کا مرکز گورنمنٹ اسکول این بی ٹی نگر بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 میں قائم کرنے سے ان دونوں محلوں میں رہنے والے ضعیف لوگوں و دیگر کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جس کی وجہ سے ان لوگوں نے حکومت سے بھولانگر میں واقع قائم کردہ ٹینٹ ہاوس کے قدیم مرکز کو وہیں پر رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ اور شیخ پیٹ منڈل کے ایم آر او کے خلاف نعرے لگائے ۔ اسمبلی حلقہ خیریت آباد کے سینئیر ٹی آر ایس کے قائد محمد کبیر الدین صدیقی نے اخباری بیان میں بتایا کہ بھولانگر اور خواجہ نگر سے تقریبا 190 درخواستیں آسرا اسکیم کے تحت پنشن حاصل کرنے کے لیے داخل کی گئی تھیں ان درخواست گذاروں میں کثیر تعداد معمرین کی ہے جن کی عمر 65 سال سے زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم آر او شیخ پیٹ نے جو گورنمنٹ اسکول این بی ٹی نگر بنجارہ ہلز میں پنشن تقسیم کرنے کا مرکز بنایا ہے ۔ ضعیف لوگ وہاں پر پیدل چل کر نہیں جاسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ بھولا نگر اور خواجہ نگر سے این بی ٹی نگر پہونچنے کے لیے بس کی سہولت بھی نہیں ہے ۔ غریب معمرین ، بیوہ خواتین معذورین جو آٹو ڈرائیور کو من مانی آٹو کا کرایہ ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے کس طرح وہ این بی ٹی نگر پہونچیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ ریاست کے چندر شیکھر راؤ نے آسرا اسکیم کا آغاز کر کے غریب معمرین ، بیواؤں ، معذورین کے لیے پنشن جاری کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ لائق ستائش ہے ۔ لیکن محکمہ مال کے بعض عہدیداران من مانی کر کے غریب عوام کو مسائل میں مبتلا کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ بھولانگر اور خواجہ نگر سے این بی ٹی نگر کو جانے کے لیے درخواست گذاروں کو تقریبا 5 کلومیٹر کا فاصلہ طئے کرنا پڑے گا ۔ کس طرح غریب لوگ این بی ٹی نگر پہونچیں گے ۔ انہوں نے حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر وہ اس سلسلہ میں مداخلت نہ کرے گی تو وہ معمرین ، بیواؤں ، معذورین کے ساتھ شیخ پیٹ منڈل کے پاس احتجاجی دھرنا منظم کریں گے ۔۔