پنشن میں اضافہ پر حکومت کرے گی غور

نئی دہلی ۔ یکم اگسٹ ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج کہاکہ ایمپلائیز پنشن اسکیم 1995کے تحت دی جارہی 1000روپئے کی ماہانہ کم ازکم پنش میں اضافہ کے لئے اعلی اختیار والی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جسکی رپورٹ آنے پر حکومت مناسب فیصلہ کریگی۔مالیات کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال نے آج راجیہ سبھا میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہاکہ ملازمین پنشن اسکیم95میں اضافہ کے لئے اعلی اختیار والی کمیٹی کی تین میٹنگیں ہوچکی ہیں اور اسکی رپورٹ اکتوبر میں آنے والی ہے ۔انھوں نے کہاکہ سال 2014سے کم ازکم پنشن کی رقم 1000روپئے کردی گئی ہے۔ ایمپلائیزپروویڈنٹ فنڈ تنظیم کے تحت کل 62لاکھ 42ہزار 807پنشن یافتگان ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ کم ازکم پنشن کی رقم 1000روپئے کرنے سے 40فیصدپنشن یافتگان کو راحت ملی ہے ۔اس سے پہلے کافی لوگوں کو 100روپئے سے بھی کم پنشن ملتی تھی ۔