اسٹیٹ کالج ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امرکی ریاست پنسلوینیا کے وسطی علاقہ میں حکام نے کہا ہیکہ ایک بندوق بردار نے مقامی ہوٹل اور بار پر حملہ کرتے ہوئے ایک شخص کو ہلاک اور دیگر دو کو زخمی کردیا۔ بعدازاں ایک گھر میں گھس کر ایک اور شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا اور اسی مقام پر خود پر گولی چلاتے ہوئے خودکشی کرلی۔ اسٹیٹ کالج کے علاقہ کے پی جے ہیرگیان کے بار اور ہوٹل میں مقامی وقت کے مطابق 10:30 بجے شب یہ واقعہ پیش آیا۔ حکام نے کہا ہیکہ بیلفونئے کے 21 سالہ جارڈن وٹمر نے بار پر ملرس برگ اوہائیو کے 62 سالہ ڈین بیچی کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ اس نے ایک شخص کے ساتھ اس خاتون کو بھی گولی مار کر زخمی کردیا جس کے ساتھ بظاہر اس کے تعلقات تھے۔ وٹمر بعدازاں بار سے روانہ ہوکر ایک گھر میں گھس گیا وہاں موجود شخص کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد خود پر بھی گولی چلا لیا اور وہیں اس کی موت واقع ہوگئی۔