پنسارے قتل کے خلاف مہاراشٹرا بند

ممبئی 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا میں سی پی آئی کے سینئر لیڈر گویند پنسارے کے سفاکانہ قتل کے خلاف کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا( سی پی آئی) کی اپیل پر بطور احتجاج ریاست گیر بند منایا گیا ۔ بائیں بازو کی جماعتوں کی طرف سے منائے گئے اس بند کو اپوزیشن جماعتوں کانگریس اور این سی پی کی تائید بھی حاصل تھی۔ مضافاتی علاقہ چمبور میں ریپبلکن پارٹی آف انڈیا ( آر پی آئی) کے لیڈر رام داس اتھاولے نے راستہ روکو احتجاج میں حصہ لیا ۔ بائیں بازو محاذ کے کارکنوں نے ورلی ناکہ میں بند منظم کیا ۔ اس دوران کولھا پور پولیس نے پنسارے کے قاتلوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والوں کیلئے پانچ لاکھ روپئے انعام کا اعلان کیا ہے ۔ 78سالہ مقتول کمیونسٹ لیڈر کی نعش گذشتہ روز کولہا پور میں ان کے حامیوں کی کثیر تعداد میں سپرد آتش کی گئی تھی ۔ تاہم چیف منسٹر دیویندر فڈنویس یا بائیں بازو کے مرکزی قائدین نے آخری رسومات میں شرکت نہیں کی ۔