پولیس عملہ کو جائے واردات تک پہونچنے میں آسانی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔22مارچ(سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن کو قومی سطح پر دوسرے بہترین پولیس اسٹیشن کا درجہ حاصل ہونے کی وجہ پولیس اسٹیشن میں موجود انفراسٹرکچر اور شہریوں کی رائے کے علاوہ پولیس کی جائے واردات پر رسائی کے لئے درکار وقت ہے۔ مسٹر این نرسمہا ریڈی ریاستی وزیر داخلہ نے آج تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان قانون ساز کونسل مسٹر پی سدھاکر ریڈی‘ مسٹر ایم ایس پربھاکر اور مسٹر ایم ہنمنت راؤ کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن کو دوسرے بہترین پولیس اسٹیشن کا ایوارڈ حاصل ہونے کے بعد حکومت نے ریاست کے دیگر پولیس اسٹیشنوں کے لئے بھی اس پولیس اسٹیشن کو مثال بنانے اور عہدیداروں کو خصوصی تربیت کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں پولیس اسٹیشن میں بہترین انفراسٹرکچر کی فراہمی کے علاوہ دیگر سہولتوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے خصوصی فنڈ کی تخصیص عمل میں لائی گئی ہے۔ ریاستی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ریاست میں پولیس کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہونے کے بعد حکومت نے محکمہ پولیس میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کو تربیت کی فراہمی کے علاوہ شہریوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے فروغ کے اقدامات کئے جا رہے ہیںتاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد برقرار رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں محکمہ پولیس کو مستعد کرنے کے علاوہ خدمات میں بہتری پیدا کرنے کی کوشش میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوتی جا رہی ہے اور آئندہ مزید کامیابی حاصل ہونے کی توقع ہے۔