مسائل میں اضافہ ، عوام پریشان
حیدرآباد ۔ 22۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : شہر کی مصروف ترین سڑک پنجہ گٹہ پر کیبل بچھانے کے لیے کھدائی اور ٹرافک تحدیدات نے عوام کے لیے مسائل کھڑی کردیں ہیں چونکہ پنجہ گٹہ ایک ایسا چوراستہ ہے جس سے مہدی پٹنم ، امیر پیٹ ، خیریت آباد اور بیگم پیٹ سے آنے والی مصروف ترین سڑک کی ٹرافک اپنی اگلی منزل کی سمت گامزن ہوتی ہے لیکن یہاں اب 19 اپریل سے 31 مئی تک ٹرافک تحدیدات کے جو اعلانات کیے گئے ہیں اس سے عوام میں بے چینی پیدا کردی ہے ۔ انچارج سٹی پولیس کمشنر ڈی ایس چوہان نے کہا ہے کہ زیر زمین کیبل کے تعمیراتی کام کی وجہ سے یہاں 19 اپریل تا 31 مئی ٹرافک تحدیدات کے علاوہ مختلف راستوں سے پنجہ گٹہ چوراستہ پہنچنے والی ٹرافک کو دوسرے راستوں پر موڑ دیا جائے گا ۔ سنگاریڈی ، ظہیر آباد اور پٹن چیرو سے آنے والی آر ٹی سی بسوں اور دیگر بڑی گاڑیوں کو پنجہ گٹہ جانے کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ انہیں کوکٹ پلی وائی جنکشن سے نرسا پور ایکس روڈ کی سمت موڑ دیا جائے گا ۔ پٹن چیرو ، میاں پور ، کوکٹ پلی سے آندھرا رائلسیما کے لیے امیر پیٹ کا راستہ اختیار کرنے والی خانگی ٹراویلس کی بسوں کو پنجہ گٹہ پر داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی ۔ بلکہ انہیں ایس آر نگر میں موجود گوتم ڈگری کالجس کے سامنے سے کوکٹ پلی کی سمت موڑ دیا جائے گا اور یہ بسیں ایس آر نگر سے مسافروں کو سوار کریں گی ۔ علاوہ ازیں سٹی بسیں ، پٹرول ، ڈیزل اور ایل پی جی ٹینکس جو کہ پٹن چیرو ، میاں پور ، کے پی ایچ بی کالونی ، کوکٹ پلی سے خیریت آباد کے راستے کو ایس آر نگر موڑ دیا جائے گا ۔ اسی طرح کرشنا نگر سے آنے والی گاڑیوں ، بسوں اور دیگر خانگی گاڑیوں کے لیے متبادل راستے مقرر کردئیے گئے ہیں لیکن عوام ان فیصلوں سے انتہائی ناراض دکھائی دے رہے ہیں کیوں کہ پنجہ گٹہ خانگی تجارتی اعتبار سے اہم جنکشن ہونے کے علاوہ نمس دواخانہ ، ادارے اردو ادبیات ، سرکاری محکموں اور بینکس کا ایک بڑا مرکز ہے جہاں ملازمت انجام دینے والے ملازمین کے علاوہ دیگر مقامات کا سفر کرنے والی عوام کے لیے 2 مہینے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔۔