ملک کے تمام چوروں نے نریندر مودی کی مدد سے کالے دھن کو جائز دولت میں تبدیل کرلیا ۔ کرناٹک میں خطاب
باگل کوٹ ( کرناٹک ) 25 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) انتخابات کا سامنا کرنے والے ریاست کرناٹک میں وزیر اعظم نریند رمودی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج سوال کیا کہ خود کو چوکیدار قرار دینے والے نریندر مودی پنجاب نیشنل بینک پر خاموش کیوں ہیں۔ انہوں نے نریندر مودی سے یہ بھی سوال کیا کہ وہ بی جے پی صدر امیت شاہ کے فرزند جئے شاہ کی کمپنی کے ٹرن اوور میں اچانک اضافہ پر کوئی کارروائی کیوں نہیں کر رہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی گجرات آتے ہیں اور کرپشن کی بات کرتے ہیں۔ وہ ملک سے کہتے ہیں کہ انہیں وزیر اعظم نہیں بلکہ چوکیدار بنایا جائے اور بڑے اسکامس پر خاموشی اختیار کریت ہیں۔ راہول گاندھی شمالی کرناٹک کے ویجا پور اور باگل کوٹ اضلاع میں پارٹی کے جلسوں سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ان کی پارٹی کے سابق چیف منسٹر ( یدیورپا ) ہیں جو کرپشن کے الزام میں جیل گئے تھے ۔ ان کی دوسری طرف بی جے پی کے چار سابق وزرا ہیں اور وہ بھی جیل گئے تھے اور ان کے درمیان بیٹھ کر مودی کرپشن کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کے فرزند جئے شاہ کی کمپنی نے صرف تین ماہ کے عرصہ میں 50,000 روپئے کو آٹھ کروڑ بنالیا اور ملک کا چوکیدار اس کی تحقیقات نہیںکرواتا اور نہ ایک لفظ تک کہنا گوارا کرتا ہے ۔
بی جے پی صدر نے اپنے فرزند کے خلاف کسی طرح کی بدعنوانی کے الزامات کو مسترد کردیا ہے ۔ راہول گاندھی اپنے سہ روزہ دورہ شمالی کرناٹک کے دوسرے مرحلے میں ہیں۔ یہ پندرہ دن سے کم وقت میں ان کا دوسرا دورہ کرناٹک ہے ۔ ریاست میں آئندہ چند مہینوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ راہول گاندھی نے اپنی تمام ریلیوں میں نریندر مودی ہی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ انہوں نے نوٹ بندی کے فیصلے پر تنقید کریت ہوئے کہا کہ مودی نے ملک سے کہا تھا کہ وہ کرپشن سے مقابلہ کیلئے بینکوں کی قطار میں کھڑے ہوجائیں۔ ان قطاروں میں ملک کا کوئی سوٹ بوٹ پہننے والا دولت مند موجود نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام چوروں نے مودی کی مدد سے اپنا کالا دھن جائز دولت میں تبدیل کرلے اہے ۔ پنجاب نیشنل بینک اسکام کیلئے مودی پر تنقید کرتے ہوئے راہول گاندھی نے ان کی خآموشی پر سوال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نیرو مودی نے 22,000 کروڑ روپئے لوٹ لئے ۔ ملک سے فرار ہوگیا لیکن اس ملک کا چوکیدار ایک لفظ تک کہنے کو تیار نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ اس اسکام پر مودی نے جمعہ کو تبصرہ کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ معاشی بدعنوانیوں اور عوامی رقومات کی لوٹ کھسوٹ میں ملوث رہنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔ راہول نے وزیر اعظم سے کہا کہ دوسروں کو وہی درس دیں جس پر خود عمل کرتے ہیں۔ راہول گاندھی نے نریند ر مودی پر ہر سال دو کروڑ روزگار فراہم کرنے انتخابی وعدہ کی عدم تکمیل پر بھی تنقید کی