پنجاب میں نقص امن کی کوششوں میں کجریوال پر مدد کا الزام

عسکریت پسندی کے دور کی طرف پلٹنے کے خلاف انتباہ، کانگریس کا تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے پر ایقان : راہول گاندھی

سانگرور (پنجاب) ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ماورمنڈی دھماکے کے پس منظر میں اروند کجریوال کے خلاف بھرپور لفظی حملہ چھیڑتے ہوئے راہول گاندھی نے آج انہیں ایسی قوتوں کی مدد کرنے کا موردالزام ٹھہرایا جو پنجاب کے امن کو درہم برہم کردینا چاہتے ہیں اور اسے عسکریت پسندی کے سیاہ دور میں واپس ڈھکیل دینا چاہتے ہیں۔ پنجاب میں انتخابی مہم کے آخری روز راہول نے یہاں موضع بلیان میں اجتماع سے خطاب کیا اور منگل کی رات ماور منڈی میں پیش آئے کار دھماکہ کا تذکرہ کیا جس میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ دھماکہ کانگریس امیدوار ہرمیندر سنگھ جسی کی جن سبھا کے کچھ دیر بعد پیش آیا، جو 4 فبروری کا الیکشن ماور اسمبلی نشست سے لڑ رہے ہیں۔ راہول نے کہا کہ سب سے اہم چیز آپ کے آس پاس کا ماحول ہے۔ اگر وہ ماحول بگڑ جاتا ہے تو تشدد پھوٹ پڑتا ہے اور برہمی کی لہر پیدا ہوجاتی ہے، تب کسانوں، مزدوروں، کمزور طبقات کا کام متاثر ہوتا ہے اور پوری ریاست کو نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ برسراقتدار اکالیوں اور عام آدمی پارٹی پر درپردہ تنقید میں راہول نے کہا کہ ایک قسم کی انتہاء پسندانہ سوچ سے پنجاب کو دیگر نوعیت کی انتہاء پسند سوچ اختیار نہیں کرنا چاہئے۔ کانگریس ایسی پارٹی ہے جو تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب تیزی سے ترقی کرے لیکن اگر تشدد پھوٹ پڑتا ہے، غم و غصہ کی لہر پیدا ہوجاتی ہے تو پھر سب کچھ برباد ہوجائے گا۔

ہمیں سمجھنا ہوگا کہ وہ قوتیں جنہوں نے پنجاب کو پہلے بھی تباہ کیا (اس ریاست میں عسکریت پسندی کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے) جن کی وجہ سے تشدد پھوٹ پڑا، اسی طرح کی قوتیں پھر ایک بار اپنا سر اٹھا رہی ہیں۔ بم دھماکہ پیش آیا اور 6 افراد (ماور میں) ہلاک ہوگئے۔ اروند کجریوال جو دہلی کے چیف منسٹر ہیں، ان قوتوں کی مدد کررہے ہیں اور انہیں اپنا سر ابھارنے میں مدد فراہم کررہے ہیں اور یہ پنجاب کیلئے نہایت خطرناک بات ہے۔ اگر یہ قوتیں دوبارہ اپنا سر اٹھاتی ہیں تو سارا ایجنڈہ ان کا یرغمال ہوجائے گا اور پنجاب کسی اور سمت چل پڑے گا۔ راہول نے کہا کہ اس لئے ہم تمام کیلئے ضروری ہے چاہے کسی مذہب، ذات پات یا نسل سے تعلق ہوں، ہم تمام کو دوبارہ متحد ہونا پڑے گا تاکہ ہم پنجاب کو سنوار سکیں جو اپنے جذبہ مروت کیلئے جانا جاتا ہے جو گرونانک دیو اور گروگوبند سنگھ کی دکھائی گئی راہ ہے۔ یہاں بلیان کے دیہاتیوں اور کسانوں کے ساتھ کٹھیا پر بیٹھ کر اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے نائب صدر کانگریس نے کسانوں کے مسائل پر بھی بات کی اور کہا کہ یو پی اے کے دور میں 70 ہزار کروڑ روپئے تک کسانوں کے قرض معاف کئے گئے۔