حیدرآباد۔27جولائی ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ پنجاب میں دہشت گرد حملہ اُن نام نہاد سیکولر پسندوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہونا چاہیئے جو یعقوب میمن کی حمایت کررہے ہیں ۔ حالانکہ ممبئی دھماکوں میں کئی اموات ہوئیں اور بے شمار لوگ زخمی ہوئے ۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یعقوب میمن کے بارے میں اسد الدین اویسی کے ریمارکس کی مذمت کی اور کہا کہ اُن کا یہ تبصرہ یعقوب میمن سے ہمدردی کیلئے نہیں بلکہ وہ اس موقع سے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اس طرح وہ ایسے موضوعات کو فرقہ وارانہ رنگ دیتے ہوئے قوم کو تقسیم کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یعقوب میمن کو سپریم کورٹ نے طویل قانونی چارہ جوئی کے بعدیہ سزا سنائی ہے ۔