پنجاب اور راجستھان میں سردی کی شدت میں کمی

سرینگر۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر اور لداخ میں عوام نے بالآخر راحت کی سانس لی کیونکہ گذشتہ کچھ دنوں سے جاری شدید سردی میں کمی واقع ہوئی ہے البتہ برفباری کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ کپواڑہ میں سب سے زیادہ برفباری کی اطلاع ہے جبکہ لداخ کے لیہہ کو سردترین مقام قرار دیا گیا ہے۔ اسکینگ کیلئے مشہور گلمرگ میں 1.5 فیٹ برفباری ہوئی ہے جس سے ایسا معلوم ہورہا ہے جیسے زمین پر کسی نے مخملی چادر بچھادی ہو۔ پہلگام ہل ریسارٹ جسے سالانہ امرناتھ یاترا کے دوران بیس کیمپ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے وہاں درجہ حرارت 5.8 ڈگری لسیس منفی ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری طرف چندی گڑھ میں بھی یوں تو موسم سرد ہے لیکن درجہ حرارت میں آہستہ آہستہ اضافہ ہونا شروع ہوا ہے۔ امرتسر کے سوائے دیگر تمام مقامات پر سردی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ صرف امرتسر ہی ایسا شہر ہے جو ہنوز شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ پٹیالہ اور لدھیانہ میں درجہ حرارت بالترتیب 8.1 اور 6.1 ڈگری سلیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ریاست راجستھان میں بھی عوام نے راحت کی سانس لی ہے کیونکہ گذشتہ کئی دنوں سے ریاست شدید سردی کی لپیٹ میں تھی جس سے نہ صرف دفتر جانے والوں بلکہ اسکولی طلبہ کیلئے بھی مشکلات پیدا کردی تھی۔ فی الحال ماونٹ ابو یہاں کا سرد ترین مقام بنا ہوا ہے جہاں گذشتہ شب درجہ حرارت 3 ڈگری سلسیس نوٹ کیا گیا۔

مس ساؤتھ انڈیا مقابلہ 18 جنوری کو
کوئمبتور ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مس ساؤتھ انڈیا 2014ء مقابلہ 18 جنوری کو منعقد ہوگا، جو مقابلہ کا گیارہواں ایڈیشن ہوگا۔ صدرنشین پیگاسس اجیت روی نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مقابلے میں شرکاء کا تعلق جنوب کی چار ریاستوں سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صرف جنوب کی ریاستوں کو اس لئے ترجیح دی گئی ہے کہ مکمل طور پر یہاں کی ماڈلنگ کرنے والی خواتین کو بھی ریمپ ورکنگ کا موقع فراہم کرتے ہوئے انہیں اظہارخیال کی آزادی کا احساس دلایا جائے۔