پنجاب، ہریانہ میں سردی ، دہلی میں پروازیں متاثر

نئی دہلی / چندی گڑھ ۔ 24 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب اور ہریانہ میں گزشتہ دو دنوں سے سردی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں معمول کے درجہ حرارت نے موسم کو انتہائی خوشگوار بنادیا۔ پنجاب اور ہریانہ میں شدید کہر کی وجہ سے بیشتر مقامات پر حد بصارت شدید طور پر متاثر ہوئی جس سے گاڑی چلانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امرتسر سرد ترین مقام میں تبدیل ہوگیا، جہاں درجہ حرارت کئی ڈگری سیلسیس گھٹ گیا ۔ اسی طرح انبالہ ، بھیوانی ، نارنول ، لدھیانہ اور دیگر مقامات پر بھی درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی، حالانکہ عام طور پر فروری کے اواخر میں سردیوں کی شدت میں کمی ہوجاتی ہے ۔ دوسری طرف دہلی سے ملنے والی خبروں کے مطابق اندرا گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ پر شدید کہر کی وجہ سے پروازیں متاثر ہوئیں۔ آج صبح کی اولین ساعتوں سے ایرپورٹ کے اطر اف و اکناف میں کہر جمع ہونا شروع ہوگیا تھا جو صبح 5.30 بجے تک انتہائی گہرا ہوگیا ۔ بصارت ناقص ہونے کی وجہ سے کم و بیش 50 فلائٹس کے نظام الاوقات میں تبدیلی کرنا پڑی جبکہ دو پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی جانب کردیا گیا ۔ یاد رہے کہ ایرپورٹ کے رن وے پر کسی بھی طیارے کو ٹیک آف کرنے کیلئے اس کی سائز کے مطابق 125 تا 150 میٹر کی شفاف حد بصارت ضروری ہے ۔