برلن ۔28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جرمن کے وسطی شیر کیاسل کے قریب واقع ایک پناہ گزین کیمپ میں ہوئی جھڑپوں میں 14 افراد زخمی ہوگئے۔ خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے نے اس سلسلہ میں پولیس کے حوالے سے بتایا کہ جھڑپیں شہر کے مضافاتی علاقہ میں پھوٹ پڑیں جہاں متعدد خیمے قائم کئے گئے ہیں اور جہاں تقریباً 1500 تارکین وطن جن کا تعلق 20 مختلف ممالک سے ہے، رہائش پذیر ہیں۔ جھڑپوں کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ زخمی ہونے والوں میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ابتداء میں دوپہر کے کھانے کے دوران دو پناہ گزینوں کے درمیان معمولی جھڑپ ہوئی جو اس قدر بڑھ گئی کہ البانیا اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے پناہ گزینوں کا ایک بڑا گروپ اس میں ملوث ہوگیا جبکہ شام ہوتے ہوتے تیسری جھڑپ رونما ہوئی جہاں مزید دو گروپس دست و گریباں ہوگئے۔ بہرحال پولیس کو حالات کنٹرول کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا البتہ کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔