’پناہ گزین پر ہندوستان کو سبق سکھانے کی ضرورت نہیں‘

غیرقانونی روہنگیا پناہ گزین کو ملک بدر کیا جائے گا: رجیجو
نئی دہلی ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مملکتی وزیرداخلہ کرن رجیجو نے آج کہا کہ روہنگیا مسلمان غیرقانونی پناہ گزین ہیں اور انہیں ملک بدر کیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کسی کو بھی اس مسئلہ پر درس دینے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ دنیا بھر میں ہندوستان ہی وہ واحد ملک ہے، جس نے زیادہ سے زیادہ تعداد میں روہنگیا مسلمانوں کو پناہ دی ہے۔ رجیجو نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’میں بین الاقوامی تنظیموں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آیا روہنگیا پناہ گزین، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے تحت درج کئے گئے ہیں، اگر نہیں تو ہندوستان میں یہ غیرقانونی مہاجرین ہیں‘‘۔ مملکتی وزیرداخلہ نے کہا کہ چونکہ وہ قانونی مہاجرین نہیں ہیں تو یقینا ملک سے باہر نکالے جانے کے مستحق ہیں۔ باور کیا جاتا ہیکہ ہندوستان میں روہنگیا کے 14000 پناہ گزین ہیں اور تقریباً 40,000 روہنگی پناہ گزین غیرقانونی طور پر مقیم ہیں۔