گوہاٹی۔ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی نے دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے ویژن دستاویز میں شمال مشرقی عوام کو ’’پناہ گزین ‘‘ قرار دینے پر بی جے پی کوشدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ ناقابل معافی توہین ہے۔ گوگوئی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ دہلی میں رہنے والے شمال مشرقی عوام کو تارکین وطن کہنا صرف ایک غلطی نہیں بلکہ ان کی توہین ہے جو ناقابل معافی ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی پر بھی اس معاملے کو سنجیدہ نہ لینے پر شدید تنقید کی۔ چیف منسٹر نے ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم اس معاملہ میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتے۔ یہ انتہائی افسوسناک پہلو ہے۔ اس سے بی جے پی کی یہ حقیقت بے نقاب ہوتی ہے کہ وہ شمال مشرقی علاقہ کو ہندوستان کے کسی اور حصہ کی طرح اٹوٹ تصور کرنے کے معاملے میں لاپرواہ ہے۔ بی جے پی کے اس ویژن دستاویز کے خلاف آسام میں کل احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے جس کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔