ڈھاکہ ۔ /7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) روہنگیا مسلمانوں کے خروج کے عروج سے میانمار کا وقار متاثر ہوگا ۔ وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو پڑوسی ملک پر دباؤ بڑھانا چاہئیے تاکہ تشدد میں کمی ہوسکے ۔ شیخ حسینہ کا تبصرہ ایک دن قبل اقوام متحدہ سے مداخلت کے مطالبہ کے بعد منظر عام پر آیا ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کومیانمار واپس بھیج دینا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کا وقار مجروح ہوتا ہے جب لاکھوں افراد جن کی قومیت ایک ہی ہے ۔ اپنے مکانوں سے فرار ہوکر بیرون ملک پناہ لے رہے ہیں ۔ شیخ حسینہ نے کہا کہ برسراقتدار عوامی لیگ کے پالیسی سازوں کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں انہوں نے یہ بیان دیا ۔ شیخ حسینہ قبل ازیں ترکی کی خاتون اول ایمن اردغان کا استقبال کرچکی ہیں ۔ ان کے ہمراہ وزیرخارجہ ترکی میولوت کاؤس اوگلو نے کہا تھا کہ بنگلہ دیش نے روہنگیا مسلمانوں کو مکمل طور پر انسانی بنیادوں پر پناہ دی ہے ۔ بین الاقوامی برادری کو اس کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئیے ۔