پناما کے سابق ڈکٹیٹر نوریگا کا انتقال

پناماسٹی۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پناما کے سابق ڈکٹیٹر مینوئیل نوریگا جو کسی زمانے میں امریکہ کے حلیف سمجھے جاتے تھے تاہم 1989ء میں امریکہ کی فوج کشی کے بعد انہیں ڈکٹیٹرشپ سے ہٹا دیا گیا تھا، آج 83 سال کی عمر میں چل بسے۔ اس دوران صدر پناما جوان کارلوس واریلا نے اپنے ٹوئٹر پر نوریگا کی موت کی توثیق کرتے ہوئے اظہار افسوس کیا اور کہا کہ ان کی موت سے ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث پائے جانے پر نوریگا نے امریکہ میں 17 سال کی سزائے قید بھی کاٹی ہے۔ بعدازاں انہیں مزید الزامات کا سامنا کرنے فرانس بھیج دیا گیا تھا۔ اپنی زندگی کے کچھ آخری سال انہوں نے پناما کی ایک جیل میں گزارے جہاں 1983-89ء کی حکومت کے دوران انہیں اپنے سیاسی حریف کے قتل کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔ حالیہ دنوں میں نوریگا کو کئی عارضے لاحق ہوگئے تھے اور صحت کے تعلق سے وہ ہمیشہ فکرمند رہا کرتے تھے۔ ان کے پسماندگان میں بیوی فیلی سیڈاڈ اور تین بیٹیاں لورینا، تھیز اور سینڈرا شامل ہیں۔