پنالہ لکشمیا کی جانب سے زیڈ پی ٹی سی اور بلدیات کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد /6 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے 10 مئی کو زیڈ پی ٹی سی اور 11 مئی کو بلدیات کا جائزہ اجلاس طلب کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ کے دس اضلاع کے پارٹی قائدین سے مشاورت کر رہے ہیں، جب کہ نتائج کانگریس کے حق میں حوصلہ افزا ثابت ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ضلع پریشد اور بلدی انتخابات میں پارٹی وہپ جاری کرے گی اور وہپ کی خلاف ورزی کرنے والے قائدین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ساتھ ہی مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث رہنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ 2 جون کو سرکاری طورپر ریاست کی تقسیم عمل میں آئے گی، جب کہ اس سے قبل ہی گرام پنچایتوں، بلدیات، ضلع پریشد، اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات کے نتائج سامنے آجائیں گے، لہذا پارٹی کیڈر اور کامیاب ہونے والے امیدواروں سے رابطہ برقرار رکھنے کی حکمت عملی تیار کرنے کے لئے 10 اور 11 مئی کو دو اہم اجلاس طلب کئے جا رہے ہیں، جس میں مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں یا پارٹی کا ساتھ نہ دینے والے قائدین کے خلاف شکایات وصول ہوئی ہیں، جس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد قطعی کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے اسمبلی اور لوک سبھا کی نشستوں پر بڑے پیمانے پر کانگریس کی کامیابی کا ادعا کیا، جب کہ 9 اضلاع کے ضلع پریشد انتخابات میں 70 فیصد سے زائد کانگریس امیدواروں کی کامیابی کی امید ظاہر کی۔