پنالہ لکشمیا پر پارٹی عہدے فروخت کرنے کا الزام

پارٹی پروگرامس میں نظرانداز کردینے، ڈگ وجے سنگھ سے چند قائدین کی شکایت
حیدرآباد /20 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے ڈگ وجے سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی عہدے فروخت کرنے کا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا پر الزام عائد کیا۔ تلنگانہ کے کانگریس قائدین نرنجن، جی نارائن ریڈی، سنیتا راؤ اور دیگر قائدین نے ڈگ وجے سنگھ سے ملاقات کی اور پارٹی میں برسوں سے بے لوث خدمات انجام دینے کے باوجود پارٹی پروگرامس میں انھیں نظرانداز کرنے اور پیسے دے کر عہدے خریدنے والوں کو اہمیت دینے کی شکایت کی۔ ان قائدین نے دس سال تک کانگریس حکومت میں وزارت اور ارکان اسمبلی کے عہدہ پر قائم رہنے والوں کے بارے میں کہا کہ یہ قائدین بحیثیت اپوزیشن پارٹی کے استحکام کے لئے کام کرنے کی بجائے گھروں تک محدود یا اپنے کاروبار میں مصروف ہو گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم لوگ پارٹی کے استحکام کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں، مگر جب عہدہ دینے کا وقت آتا ہے تو دوسروں کو اہمیت دی جاتی ہے۔ دریں اثناء سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کیلاش نے ڈگ وجے سنگھ کی موجودگی میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ کانگریس قائدین میں گروپ بندی عام بات ہے، تاہم پارٹی استحکام کا مشورہ دینے حیدرآباد پہنچنے والے آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ امور ڈگ وجے سنگھ نے رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سینئر قائدین کے عدم اتحاد پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔