محمد رفیع صاحب کے انتقال کے بعد ان سے ملتی جھلتی آواز میں فلمی نغمے گانے والے گلوکار محمد عزیز کا 27 نومبر کو ممبئی کے ناناوتی ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا۔ وہ 64 برس کے تھے، فلمی دنیا میں منا نام سے مشہور محمد عزیز کا پورا نام سید محمد عزیز انبی تھا۔ وہ 2 جولائی 1954 کو کلیان نگر ویسٹ بنگال میں پیدا ہوئے۔ وہ ابتداء ہی سے محمد رفیع صاحب سے متاثر رہے اور گلوکاری کا آغاز کولکتہ کی ایک رسٹورنٹ ’’غالب‘‘ سے کیا اور اپنے سنگنگ کیریئر کی شروعات ایک بنگالی فلم ’’جیوتی‘‘ کے گیت سے کیا۔ 1984 میں عزیز ممبئی آگئے اور ایک ہندی فلم ’’عنبر‘‘ کے گیت کے لئے اپنی آواز دی۔ انہیں پہلا بڑا بریک موسیقار انو ملک نے فلم ’’مرد‘‘ کے گیت ’’مرد ٹانگے والا‘‘ کے لئے دیا جسے سوپر اسٹار امیتابھ بچن پر فلمایا گیا تھا۔ اس گیت کے لئے ابتداء میں لوگوں نے سمجھا کہ اسے شبیر کمار نے گایا ہے یہ گیت زبردست ہٹ ثابت ہوا اس کے بعد محمد عزیز نے کلیانجی آنندجی لکشمی کانت پیارے لال، راہل دیوبرمن، نوشاد، اوپی نیر، بھپی لہری، راجیش روشن، رام لکشمن، رویندر جین، اوشا کھنہ، آنند ملند، ندیم شراون، جتن للت، آنند راج آنند، آدیش سریواستو جیسے بالی ووڈ کے چوٹی کے موسیقاروں کی دھنوں سے بنے گیتوں کو اپنی آواز دی۔ محمد عزیز نے اوڈیہ فلموں کے لئے کئی گیت گائے۔ انہوں نے بالی ووڈ کے تقریباً سبھی اداکاروں کو اپنی آواز دی جن میں امیتابھ بچن، رشی کپور، متھن چکرورتی اور گویندا کے نام قابل ذکر ہیں۔ انہوںنے لتامنگیشکر، آشا بھونسلے، انورادھا پوڈوال اور کویتا کرشنا مورتی کے ساتھ بھی کئی گیت گائے۔ انہوں نے مختلف زبانوں کی فلموں کے لئے کوئی 20 ہزار گیت گائے۔ انہیں محمد رفیع صاحب کی طرح ساتویں سُر پر بھی گیت گانے کی مہارت حاصل تھی جو بہت کم گلوکاروں کو ہوتی ہے جس کی مثال ’’سارے شکوے گلے بھلا کے کہو‘‘ گیت سے دی جاسکتی ہے۔ محمد عزیز لکشمی کانت اور پیارے لال سے کافی قریب تھے۔ ان کے انتقال کے بعد محمد عزیز کا کیریئر ختم ہونے لگا اور ان کی جگہ کمار سانو اور ادت نارائن نے لے لی ان کے کئی گیت سوپر ہٹ ہیں۔