کومپلی میں 21 اپریل کو انعقاد، انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 29۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے 21 اپریل کو ہونے والے پلینری سیشن کی کامیابی کیلئے پارٹی کے قائدین متحرک ہوچکے ہیں۔ پلینری سیشن کے انعقاد کے سلسلہ میں کومپلی میں واقع کنونشن سنٹر میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے نئی دہلی میں تلنگانہ حکومت کے نمائندہ وینو گوپال چاری اور دیگر قائدین نے دورہ کیا۔ پلینری میں تمام اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں مندوبین کی شرکت کو دیکھتے ہوئے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ مندوبین کیلئے طعام کے خصوصی انتظامات رہیں گے اور چیف منسٹر نے قائدین کو پابند کیا ہے کہ کھانے کے انتظامات میں کوئی بدنظمی نہ ہونے پائیں۔ پلینری سیشن اور جلسہ عام کے انتظامات کے سلسلہ میں پانچ قائدین کو مختلف اضلاع کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ صدرنشین سیول سپلائیز کارپوریشن پی سدرشن ریڈی کو اضلاع ورنگل رورل ، ورنگل اربن ، بھوپال پلی ، محبوب آباد ، جنگاؤں ، سوریہ پیٹ ، کھمم اور کتہ گوڑم کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ایس وینو گوپال چاری کو عادل آباد ، نرمل ، آصف آباد ، منچریال ، جگتیال ، سرسلہ ، پدا پلی ، کریم نگر ، سدی پیٹ اور ملکاجگیری کا انچارج مقرر کیا گیا ۔ قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ وہپ پی راجیشور ریڈی کو محبوب نگر ، ونپرتی ، گدوال ، ناگر کرنول ، رنگا ریڈی ، بھونگیر اور نلگنڈہ کی ذمہ داری دی گئی۔ رکن قانون ساز کونسل وی گنگا دھر گوڑ کو نظام آباد ، کاما ریڈی ، وقار آباد ، میدک اور سنگا ریڈی کا انچارج مقرر کیا گیا۔ میئر گریٹر حیدرآباد بی رام موہن کو حیدرآباد کا انچارج مقرر کیا گیا ہے ۔ یہ قائدین متعلقہ اضلاع کے عوامی نمائندوں سے ربط میں رہیں گے اور پلینری سیشن اور جلسہ عام میں بڑی تعداد میں عوامی شرکت کو یقینی بنانے کے انتظامات کر یں گے ۔