دہشت گردی کی مذمت، اتم کمار ریڈی ، بھٹی وکرامارکا، ہنمنت رائو اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔ 22 فروری (سیاست نیوز) پلوامہ کے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے راجیو گاندھی سدبھاونا یادگار کمیٹی کی جانب سے تاریخی چارمینار کے دامن میں متاثرکن پروگرام منعقد کیا گیا۔ کل رات منعقدہ اس پروگرام میں کانگریس قائدین کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے موم بتیاں روشن کرتے ہوئے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہید جوانوں کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گرد حملے کی مذمت کی گئی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکا، سکریٹری اے آئی سی سی وی ہنمنت رائو، رکن قانون ساز کونسل پی سدھاکر ریڈی، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی اقلیتی قائدین ظفر جاوید، ایس کے افضل الدین، سید یوسف ہاشمی، محمد واجد حسین، سابق ڈپٹی میئر راج کمار کے علاوہ راجیو گاندھی سدبھاونا یادگار کمیٹی کے صدر جی نرنجن نے تقریب میں شرکت کی۔ صدرپردیش کانگریس نے خطاب کرتے ہوئے حملے کی مذمت کی اور کہا کہ کانگریس پارٹی اس معاملہ میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی نے تمام قائدین کو ہدایت دی کہ وہ نہ صرف حملے کی مذمت کریں بلکہ جہاں کہیں جوانوں کے افراد خاندان ہیں، ان سے ملاقات کرتے ہوئے یگانگت کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا ہر شہری اس واقعہ کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد حملے کے خلاف ملک کے عوام متحد ہیں۔ وی ہنمنت رائو نے ورلڈ کپ ٹورنمنٹ میں پاکستان کو شامل کرنے کی مخالفت کی۔ ایم ششی دھر ریڈی، بھٹی وکرامارکہ اور سدھاکر ریڈی نے بھی مخاطب کیا اور شہید جوانوں کو خراج پیش کیا۔ اس موقع پر بلالحاظ مذہب و ملت عوام کی کثیر تعداد شریک تھی۔ تقریبا ایک گھنٹے تک یہ تقریب جاری رہی۔