پلوامہ کے ترال میں تین روز بعد معمولات زندگی بحال

سری نگر، 29 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ضلع پلوامہ کے قصبہ ترال اور ا س سے ملحقہ دیہات میں تین روز بعد جمعہ کو معمولات زندگی بحال ہوگئے ۔ قابل ذکر ہے کہ جیش محمد کے ڈیژنل کمانڈر نور محمد تانترے عرف نور ترالی کی ہلاکت کے خلاف قصبہ ترال اور اس سے ملحقہ دیہات میں منگل کے روز سے مسلسل تین دنوں تک ہڑتال کی گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ترال اور اس سے ملحقہ دیہات میں جمعہ کی صبح دکانیں اور تجارتی مراکز کھل گئے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت بحال ہوئی۔ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج بحال ہوا جبکہ بیشتر ٹیوشن سینٹر کھل گئے ۔ اطلاعات کے مطابق قصبہ ترال میں جمعہ کی صبح اچھی خاصی چہل پہل دیکھی گئی۔ نور ترالی نامی قریب تین فٹ قد کا یہ جنگجو جنوبی کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے لئے درد سر بن کر رہ گیا تھا اور متعدد مرتبہ سیکورٹی فورسز کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب رہا تھا۔ اسے پیر اور منگل کی درمیانی شب کو پلوامہ کے سامبورہ (پانپور) میں ہونے والے ایک شبانہ مسلح تصادم کے دوران ہلاک کیا گیا۔