پلوامہ میں 24گھنٹے کا انکاؤنٹر3 جنگجوؤں کی ہلاکت پر ختم

سری نگر ، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے بامنو نامی گاؤں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں سے جاری مسلح تصادم تین مقامی جنگجوؤں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے ۔ اس طویل مسلح تصادم کے دوران کم از کم 6 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ جہاں سیکورٹی فورسز نے دو جنگجوؤں کو پیر کے روز ہی ہلاک کیا تھا، وہیں تیسرے جنگجو کو ہلاک کرنے کے لئے مبینہ طور پر تین رہائشی مکانات کو بارودی مواد سے اڑا دیاگیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق رہائشی مکان کو بارودی مواد سے زمین بوس کرنے کے بعد نذر آتش کردیا گیا۔ مذکورہ رپورٹ کے مطابق تیسرے اور آخری جنگجو کو ہلاک کرنے کے لئے پیرا کمانڈوز کی مدد بھی لی گئی جنہوں نے رہائشی مکانات میں بارودی مواد نصب کیا۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ مسلح تصادم تین جنگجوؤں کی ہلاکت کے ساتھ ختم ہوگیا ہے ۔ تاہم کامبنگ آپریشن جاری ہے ۔ دوسری جانب مسلح تصادم کے مقام اور اس کے گردونواح میں جنگجوؤں کی مدد کے لئے سڑکوں پر نکل آنے والے لوگوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کاروائی میں قریب تین درجن عام شہری زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چار زخمی نوجوانوں کو سری نگر کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے ۔ پانچ احتجاجی نوجوان گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔سیکورٹی ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ مسلح تصادم میں مارے گئے سبھی تین جنگجو حزب المجاہدین سے وابستہ تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ مسلح تصادم میں مارے گئے تیسرے جنگجو کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پیر کو ہلاک کئے گئے جنگجو کی شناخت جہانگیر احمد ساکنہ چک کلر پلوامہ اور کفایت احمد کانڈے ساکنہ بامنو پلوامہ کے بطور ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جھڑپ کے مقام سے کچھ اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے ۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ جھڑپ میں ایک فوجی میجر اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس افسر سمیت 6 سیکورٹی فورس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی سیکورٹی فورس اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔