سری نگر۔ 3 اکتوبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں گذشتہ رات مشتبہ جنگجوؤں نے جموں وکشمیر پولیس کے ایک کانسٹیبل کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا جنگجوؤں نے گذشتہ رات پلوامہ کے پدگام پورہ میں عاشق حسین نامی پولیس کانسٹیبل پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر موت واقع ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آور جنگجو اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں کو تلاشنے کے لئے علاقہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وسطی ضلع بڈگام کے چاڈورہ کا رہنے والا عاشق حسین پدگام پورہ میں اپنے ایک رشتہ دار کی شادی میں شرکت کی غرض سے آیا ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوک پولیس کانسٹیبل پولیس تھانہ اونتی پورہ میں بحیثیت منشی اپنے فرائض انجام دے رہا تھا۔ اس دوران ریاستی پولیس نے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ‘اونتی پورہ میں پولیس اہلکار عاشق حسین کو جنگجوؤں نے شہید کردیا۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ تلاش شروع کردی گئی ہے۔