پلوامہ میں تلاشی مہم دوبارہ شروع

سری نگر، یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں کشمیر کے پلوامہ ضلع میں آج طلوع آفتاب کے ساتھ حفاظتی دستوں نے دہشت گردوں کے خلاف مہم دوبارہ سے شروع کردی ہے ۔ اس ضلع میں کل علی الصبح فدائین حملے میں سینٹرل ریزور فورس (سی آر پی ایف) کے ایک انسپکٹر سمیت پانچ جوان شہید نیز تین دیگر زخمی ہوگئے ۔سرکاری ذرائع نے یہاں یو این آئی کو بتایا کہ سی آر پی ایف کے کیمپ پر عسکریت پسند تنظیم لشکر محمد نے حملہ کیا تھا۔ حفاظتی دستوں کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد بھی مارے گئے تھے ۔ ایک یا دو جنگجو علاقے کے کسی مکان میں چھپے ہوئے ہیں جن کی تلاشی کے لئے مہم کو صبح ہی شروع کردیا گیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ حفاظتی دستوں نے دہشت گردوں کے خلاف کل دیر رات تلاشی مہم روک دی تھی اور علاقے کو پوری طرح سے محاصرے میں لے لیا تھا تاکہ عسکریت پسند فرار نہ ہوسکیں۔مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے رات میں رک رک کر گولی باری کی آوازیں سنیں اور حفاظتی دستوں نے لیتھ پورہ میں سی آر پی ایف کی طرف جانے والی سبھی شاہراہوں کو بند کردیا ہے ۔