زائداز 40 ممالک کے پاکستان کیخلاف سخت بیانات، مرکزی وزیر وی کے سنگھ کا بیان
شملہ 18 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی مملکتی وزیر برائے اُمور خارجہ جنرل وی کے سنگھ نے آج کہاکہ پاکستان پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کے بعد بین الاقوامی سطح پر یکا و تنہا ہوگیا ہے۔ یہاں میڈیا والوں سے بات چیت میں مرکزی وزیر نے کہاکہ پاکستان کے خلاف زائداز 40 ملکوں نے سخت بیانات جاری کئے ہیں۔ ہماری خارجہ اور سفارتی پالیسی کی یہ بڑی کامیابی ہے کیوں کہ ہندوستان کے موقف کی تائید کرنے والے ممالک کی تعداد اُن ملکوں سے کہیں زیادہ ہے جنھوں نے ممبئی میں 26/11 حملے کے بعد ہندوستان کی حمایت کی تھی۔ وی کے سنگھ نے کہاکہ ہندوستان سی آر پی ایف قافلے پر حالیہ دہشت گردانہ حملے کا جواب دینے کے لئے وقت اور جگہ خود منتخب کرے گا جبکہ یہ اچھی طرح منصوبہ بند اور سوچ سمجھ کر کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ اُس تعلق سے ناواقفیت کا اظہار کیا جو کچھ فورسیس منصوبہ بنارہے ہیں لیکن کہاکہ کوئی بھی جنگ، جنگ جیسی یا تعزیری کارروائی کامیابی کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے طے کرنا ضروری ہے۔ یہ بہت سوچ سمجھ کر کی جائے گی اور جلد بازی میں کوئی کام نہیں ہوگا۔ اُنھوں نے بتایا کہ اُسامہ بن لادن کو تک کوئی ایک دن میں ہلاک نہیں کردیا گیا حالانکہ یہ حقیقت رہی کہ امریکہ کو معلوم تھا کہ وہ پاکستان میں روپوش ہے۔ ہمیں انتظار کرنا اور دیکھنا چاہئے اور ہماری فورسیس کی حوصلہ افزائی کرنا چاہئے۔ انٹلی جنس کی ناکامی اور بعض داخلی عناصر کی پلوامہ حملے کے پس پردہ سازش کے زاویے پر تبصرہ کی جب خواہش کی گئی تب مرکزی وزیر نے کہاکہ سارے معاملے کا تجزیہ کیا جارہا ہے اور اُس کے بعد ہی کوئی تبصرہ کیا جاسکتا ہے۔