آر ڈی ایکس لے جانے والی گاڑی پر گجرات کی نمبر پلیٹ
بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات جیتنے کیلئے سازش رچائی ۔ شنکر سنہہ وگھیلا کا دعویٰ
احمدآباد ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر گجرات اور سابق بی جے پی لیڈر شنکر سنہہ وگھیلا نے پلوامہ دہشت گرد حملہ گودھرا واقعہ سے مشابہہ سابق ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ اپنے الزام کی تائید میں وگھیلا نے کہا کہ جس گاڑی میں آر ڈی ایکس لے جایا گیا، اس پر گجرات کی نمبر پلیٹ تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سازش بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات جیتنے کیلئے رچائی۔ انہوں نے یہ ذکر بھی کیا کہ گذشتہ پانچ برسوں کے دوران کئی دہشت گرد حملے منظم کئے گئے۔ وگھیلا نے اپنے الزامات میں توقف نہیں کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بالاکوٹ کا فضائی حملہ بی جے پی کا سوچاسمجھا پلان رہا۔ اس حملہ میں کوئی بھی ہلاک نہیں ہوا۔ کوئی بھی انٹرنیشنل میڈیا نے اس دعویٰ کی تائید نہیں کی کہ 200 افراد ہلاک ہوگئے۔ وگھیلا نے انٹلیجنس رپورٹ وصول ہونے کے بعد حکومت پر عدم کارروائی کا الزام بھی عائد کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کا گجرات ماڈل جھوٹا ہے۔ اس ریاست کو کئی مشکلات کا سامنا ہے۔ ریاستی بی جے پی قائدین کا احساس ہیکہ ان کے ساتھ بندھوا مزدوروں جیسا سلوک ہورہا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہیکہ قبل ازیں آنجہانی راجیو گاندھی کے قریبی مددگار سام پٹروڈا نے اسی طرح کا بیان دیا تھا جس پر تنازعہ پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس سے قبل ممبئی پر حملے کئے گئے ۔ ہم اس وقت ردعمل ظاہر کرسکتے تھے ۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ کسی معاملہ میں اپنے مفادات کے حصول کیلئے مفاہمت کا یہ کوئی درست طریقہ نہیں ہے۔ پٹروڈا نے فضائی حملہ کے تعلق سے شبہ بھی ظاہر کیا تھا ۔ انہوں نے استفسار کیا تھا کہ ہم نے کس پر حملہ کیا؟ کیا یہ سچ ہیکہ ہم نے 300 افراد کو ہلاک کردیا؟ نہ صرف یہ بلکہ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کیلئے وکالت بھی کی تھی۔ انہوں نے بالاکوٹ فضائی حملے کا ثبوت پیش کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا جس پر امیت شاہ جھلاہٹ کا شکار ہوئے اور پٹروڈا کے تبصرہ کو شرمناک قرار دیتے ہوئے ان سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا تھا۔ دیگر سیاسی گوشوں نے بھی بالاکوٹ حملہ پر سوال اٹھائے ہیں۔