پلوامہ اور شوپیاں میں پولنگ کے دوران گرینیڈ، پٹرول بم حملے اور پتھرائو

سری نگر 6 مئی (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے حساس ترین پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں پیر کے روز اننت ناگ پارلیمانی نشست کے لئے تیسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران متعدد پولنگ مراکز پر گرینیڈ و پیٹرول بم حملوں اور پتھرائو کے واقعات پیش آئے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق مشتبہ جنگجوئوں نے ضلع پلوامہ کے رہمو، چھتہ پورہ اور ٹکن میں قائم پولنگ مراکز کو نشانہ بناکر گرینیڈ یا پیٹرول بم پھینکے تاہم ان میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ایک رپورٹ کے مطابق قصبہ شوپیاں میں بھی نامعلوم افراد نے پولنگ اسٹیشن کو نشانہ بناکر پیٹرول بم پھینکا تاہم یہ نشانہ چوک کر باہر پھٹ گیا۔ اس میں بھی کوئی نقصان نہیں ہوا۔دریں اثنا پلوامہ اور شوپیاں میں پولنگ کے دوران کئی ایک مقامات پر احتجاجیوں نے پولنگ اسٹیشنوں پر پتھرائو کیا۔ چند ایک مقامات پر احتجاجی اور سیکورٹی فورسز ایک دوسرے سے متصادم ہوئے ۔ جھڑپوں میں کئی افراد بشمول سیکورٹی فورسز اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔