پلواماکیمپ پر حملہ، سیکوریٹی کی جوابی کارروائی ختم

سرینگر ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع پلواما میں سی آر پی ایف کیمپ پر حملہ کرنے والے عسکریت پسندوں کے خلاف سیکوریٹی فورسیس کی طرف سے شروع کردہ جوابی کارروائی مزید ایک عسکریت پسند کی نعش کی دستیابی کے ساتھ آج صبح ختم ہوگئی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس ایس پی وید نے کہا کہ تیسرے دہشت گرد کی نعش برآمد کرنے کے بعد بالآخر یہ کارروائی اختتام کو پہنچی۔ ضلع پلواما کے لیتھ پورہ میں نیم فوجی فورسیس کے کیمپ مسلح پر دہشت گردوں نے کل رات کے آخر پہر حملہ کرتے ہوئے سی آر پی ایف کے پانچ اہلکاروں کو ہلاک اور دیگر تین کو زخمی کردیا تھا۔ پاکستان میں سرگرم جیش محمد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ دو انتہاء پسندوں درجگام کے منظور احمد بابا اور نعیم پورہ کے فردین احمد خاندے کی نعشیں گذشتہ روز برآمد ہوئی تھیں۔ خاندے کشمیر کے ایک برسرخدمت پولیس ملازم کا بیٹا ہے اور تیسرے مہلوک دہشت گرد کی ہنوز شناخت نہیں ہوسکی ہے۔