نئی دہلی ۔ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے پلاننگ کمیشن کو موجودہ دور کے چیلنجس سے بہتر طریقہ سے نمٹنے کیلئے نیا روپ دینے کیلئے عوام سے رائے طلب کی ہے۔ حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہیکہ وہ سرکاری ویب سائیٹ مائی گور ڈاٹ این آئی سی ڈاٹ ان پر ایک خصوصی فورم کی سہولت بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت نئے ادارہ کیلئے تجاویز پیش کی جاسکیں گی۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہیکہ ہم ہندوستان کو مزید مستحکم کرنے اور اکیسویں صدی کے مقاصد کو پورا کرنے کیلئے ریاستوں کے تعاون کے خواہاں ہیں۔ ہندوستان کی یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ سے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ 64 سالہ قدیم پلاننگ کمیشن کو نئے تقاضوں اور معاشی چیلنجس سے نمٹنے کے قابل بنانے کی ضرورت ہے۔ مودی نے مزید کہا کہ ہمیں ایک نئی روح کے ساتھ نئے جسم کی ضرورت ہے تاکہ پلاننگ کمیشن کو موجودہ چیلنجس سے نمٹنے کے قابل بنایا جاسکے۔