’ پشکارلو ‘ کے لیے اے پی کے 3 شہروں میں روشنی کے بہتر انتظامات

وجئے واڑہ ۔ 28 ۔ جولائی : ( پی ٹی آئی ) : ’ کرشنا پشکارلو ‘ تہوار کے پیش نظر حکومت اے پی نے ریاست کے تین شہروں وجئے واڑہ ، گنٹور اور کرشنا میں تمام اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی بلبوں سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ محکمہ توانائی حکومت ہند کے یونٹ ای ای ایس ایل اس کام کے لیے 360 کروڑ کے مصارف برداشت کرے گا ۔ محکمہ ای ای ایس ایل نے ان تین شہروں میں 80,591 ایل ای ڈی بلبس کے مقابل تاحال 69,997 بلبس کی تنصیب عمل میں لاچکا ہے ۔ کرشنا پشکارلو تہوار کے دوران کثیر تعداد میں یہاں یاتریوں کی آمد کے پیش نظر روشنی کے بہتر انتظامات کے مقصد سے ایل ای ڈی بلبس کی تنصیب عمل میں لائی جارہی ہے ۔ انرجی کنزرویشن مشن اے پی کے جاری کردہ صحافتی بیان میں بتایا گیا کہ حکومت آندھرا پردیش نے 12 اگست سے شروع ہونے والے پشکارلو تہوار سے ہفتہ قبل 5 اگست تک بلبوں کی تنصیب کے کام کی تکمیل کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ پشکارلو تہوار دریائے کرشنا میں منعقد کیا جاتا ہے یہاں یاتری مقدس ڈبکی لگاتے ہیں ۔۔