ممبئی ۔ 17 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ سوپر اسٹارس امیتابھ بچن شاہ رخ خان اور عامر خان نے پاکستانی شہر پشاور میں طالبان کے ہاتھوں معصوم اسکولی بچوں کو ہلاکت کی شدید مذمت کی ہے جبکہ مسلح طالبانی عسکریت پسندوں نے آرمی اسکول پر دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے 140 سے زائد بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ امیتابھ بچن عموماً اپنے بلاگ پر طویل تبصرہ کرتے ہیں لیکن انہوں نے پشاور کے سانحہ پر صرف دو تین جملے ہی پوسٹ کئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ جب معصوم لوگ خاموش رہتے ہیں تو انہیں ہمیشہ کیلئے خاموش کردیا جاتا ہے ۔ تاہم شاہ رخ حان نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے عسکریت پسندوں کے حملہ کو بہیمانہ اور غیر انسانی قرار دیا جنہوں نے ہمارے بچوں اور ہمارا مستقبل چھین لیا ۔ عامر خان بھی ٹوئیٹر پر اپنے تاثرات پیش کئے ہیں۔