بیڑ ( مہاراشٹرا ) 3 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) غیر اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے سابق وزیر آنجہانی گوپی ناتھ منڈے کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے آج اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کی دختر پنکجا منڈے اپنے والد کے کام اور ان کی روایات کو آگے بڑھائیں گی ۔ انہوں نے احمد نگر ضلع میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ آنجہانی منڈے کی دختر پنکجا کی قیادت میں غریبوں اور پسماندہ طبقات کیلئے کام کرنے کے عہد کا اعادہ کرنا چاہئے ۔ مہاراشٹرا میں شیوسینا سے ان کی پارٹی کے تعلقات منقطع ہوجانے کے بعد امیت شاہ کا یہ مہاراشٹرا میں پہلا انتخابی جلسہ تھا ۔ مہاراشٹرا کی 288 رکنی اسمبلی کیلئے 15 اکٹوبر کو ووٹ ڈالے جانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادعا کیا کہ نریندر مودی بھی پسماندہ طبقات سے تعلق رکھتے ہیں اور بی جے پی نے انہیں وزیر اعظم کا عہدہ دیا ہے ۔