پسماندہ طبقات و مسلم تحفظات کوٹہ میں اضافہ کی ستائش

تحفظات تحریک میں ادارہ سیاست کا اہم رول ۔ ٹی این جی اوز حیدرآباد اجلاس میں قرارداد

حیدرآباد۔25اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ نا ن گزیٹیڈ افیسرس اسوسیشن گریٹر حیدرآباد نے جنرل باڈی اجلاس کے دوران قرارداد کی منظوری عمل میںلاتے ہوئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے پسماندہ طبقات کے تحفظات کوٹہ اضافہ کی ستائش کی اور ٹی آر ایس حکومت کے اقدام کو تاریخ ساز بھی قراردیا۔ ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد نے متفقہ طور پر قرارداد کو منظوری دیتے ہوئے کہاکہ پچھلے ساٹھ سالوں میں ریاست تلنگانہ کے ایس سی ‘ ایس ٹی او راقلیتی طبقات کو مزید پسماندگی کاشکا ر بنادیا گیاتھا اور تلنگانہ میںٹی آر ایس حکومت کے اقتدار میںآنے کے بعد سے مذکورہ طبقات کے ساتھ انصاف کی امیدیں نظر آرہی تھی ۔ ٹی این جی اوز قائدین نے تحفظات کے متعلق چیف منسٹر کے اقدام پر اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر نے پسماندگی کاشکار طبقات کے کوٹہ میںاضافہ کرتے ہوئے صدیوں سے ان کے ساتھ کی جارہی ناانصافی کو ختم کرنے کی پہل کی ہے۔ بعدازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد ایس ایم حسینی مجیب نے کہاکہ ریاست تلنگانہ میںمسلم اقلیتی کا موقف نہایت کمزور دیگر پسماندہ طبقات سے خراب ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ جس کے پیش نظر اقتدارمیںانے سے قبل ہی ٹی آر ایس پارٹی سربراہ نے مسلم اقلیت کو بارہ فیصد تحفظات فراہم کرنے کاوعدہ کیاتھا جس کو پورا کرنے کی غرض سے تلنگانہ حکومت کی کابینہ نے تحفظات کے کوٹہ میںاضافہ کے بل کو ایوان اسمبلی میں منظوری دیتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ جناب ایس ایم حسینی مجیب نے کہا کہ تحفظات کی تحریک میںادارے سیاست کا بھی کافی اہم رول رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی سی کمیشن کے قیام تک ادارے سیاست اور نیوز ایڈیٹر عامر علی خان نے تلنگانہ کے ہرضلع کا دورہ کرتے ہوئے نہ صرف حکومت پر دبائو بنایا بلکہ دیہی علاقوں میں تحفظات کے ثمرات کے متعلق مسلمانوں کے اندر شعور بھی بیدار کیا۔ انہو ںنے کہاکہ حکومت تلنگانہ کے ساتھ ادارہ سیاست بھی مسلم تحفظات کی کامیاب تحریک پر مبارکباد کا حقد ار ہے۔جناب ایس ایم حسینی مجیب نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو تحفظات کے کوٹہ میںاضافے کیلئے مرکزی حکومت سے نمائندگی کرنے کے بعد واپس لوٹیں اور ہمیں امید ہے کہ مرکزی حکومت بھی حکومت تلنگانہ کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے تحفظات کوٹہ میںاضافے کی درخواست کو منظوری دیدگی۔جنرل سکریٹری ٹی این جی اوز پربھاکر کے علاوہ ٹی این جی اوز کے دیگر ذمہ داراو رممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔