سی بی ایس ای کو چار ہفتو ںکی مہلت، سپریم کورٹ کا فیصلہ
نئی دہلی ۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا پری میڈیکل ٹسٹ (اے آئی پی ایم ٹی) 2015ء کے 6.3 لاکھ امیدواروں کو اب تازہ امتحانات لکھنا ہوگا کیونکہ سپریم کورٹ نے حالیہ منعقدہ ان امتحانات میں بدعنوانیوں کے واقعات کے سبب انہیں منسوخ و کالعدم قرار دیا ہے اور اندرون 4 ہفتے تازہ ٹسٹ منعقد کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس آر کے اگروال اور جسٹس امیتاوا رائے پر مشتمل ویکیشن بنچ نے امتحانات کے انعقاد میں شامل اداروں کو ہدایت کی ہیکہ وہ اس کے فیصلہ کے مطابق مقررہ وقتپر اس امتحان کے انعقاد کیلئے سنٹرل بیورو آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) سے تعاون کریں۔ بنچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ’’درخواستوں کو قبول کرلیا گیا اور سی بی ایس ای کو اندرون چار ہفتے اے آئی پی ایم ٹی 2015ء منعقد کرنا ہوگا‘‘۔ واضح رہیکہ 3 مئی کو منعقدہ ان امتحانات میں بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی اور نقل نویسی کے واقعات کئی مقامات پر طلبہ کو امتحان ہال میں جوابی بیاضات کی فراہمی کی شکایات ثابت ہونے پر عدالت عظمیٰ نے ازسرنو یہ ٹسٹ منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے۔