نئی دہلی ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) سی بی ایس ای نے آج سپریم کورٹ کو مطلع کیا ہیکہ منسوخ شدہ آل انڈیا پری میڈیکل ٹسٹ 2015ء کا امتحان صرف 4 ہفتوں میں دوبارہ منعقد کرنا ممکن نہیں ہے جیسا کہ عدالت العالیہ نے اس خصوص میں ہدایت دی ہے۔ جسٹس آر کے اگروال اور جسٹس اے ایم ساپر یکر پر مشتمل ڈیویژن نے آج سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن کی درخواست نظرثانی پر سماعت کا فیصلہ کیا ہے جس میں 15 جون کو جاری کردہ عدالت العالیہ کے اس حکم پر نظرثانی کی استدعا کی گئی ہیکہ اندرون 4 ہفتے AIPMT-2015 کو ازسرنو منعقد کیا جائے۔ بورڈ کی جانب سے سالسیٹر جنرل ونجیت کمار نے مختصر وقت میں امتحان کے دوبارہ انعقاد پر معذرت کا اظہار کیا اور بتایا کہ بورڈ پر پہلے ہی سے بیک وقت 7 امتحانات منعقد کرنے کا بوجھ عائد ہے۔ لہٰذا ازسرنو پیری میڈیکل ٹسٹ منعقد کرنے کیلئے کم از کم 3 ماہ کی مہلت دی جائے۔ قبل ازیں سپریم کورٹ نے 15 جون کو AIPMT-2015 کو منسوخ کرتے ہوئے اندرون 4 ہفتہ دوبارہ یہ امتحان منعقد کرنے کا حکم دیا تھا۔