پری میٹرک اسکالر شپ ادخال درخواست کی تاریخ کا اختتام

حیدرآباد۔ 26ستمبر، ( سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کیلئے مرکزی حکومت کی اسکالر شپ کے تحت پری میٹرک اسکالر شپ کے حصول کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ ختم ہوچکی ہے جبکہ پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس اسکالر شپ کیلئے درخواستوں کے ادخال کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ مرکزی حکومت کی پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کیلئے نئی درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 7اکٹوبر ہے جبکہ تجدیدی درخواستیں 10اکٹوبر تک داخل کی جاسکتی ہیں۔ میرٹ کم مینس اسکالر شپ کیلئے نئی درخواستیں 7اکٹوبر تک جبکہ تجدیدی درخواستیں 15نومبر تک داخل کی جاسکتی ہیں۔ یہ تمام درخواستیں آن لائن داخل کرنا ہوگا۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذرائع نے بتایا کہ پری میٹرک اسکالر شپ کیلئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کیلئے مقررہ کوٹہ سے کہیں زیادہ درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ پری میٹرک کے تحت تلنگانہ کا کوٹہ 77931تھا جس کیلئے ایک لاکھ 18ہزار 693 درخواستیں داخل گئیں جبکہ رینول کے تحت ایک لاکھ 23ہزار درخواستیں داخل کی گئیں۔ آندھرا پردیش کیلئے پری میٹرک اسکالر شپ کا کوٹہ 70451تھا جبکہ ایک لاکھ 40ہزار 948 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ رینول کے تحت 81ہزار 109 درخواستیں داخل کی گئیں۔ دونوں ریاستوں میں جملہ نئی درخواستوں کی تعداد 2لاکھ47ہزار 219ہے جبکہ رینول کے تحت 2لاکھ 3ہزار درخواستیں داخل کی گئیں۔ اسکالر شپ کے تحت پہلی تا پانچویں جماعت تک ایک ہزار روپئے، چھٹویں تا دسویں جماعت 5ہزار روپئے، انٹر میڈیٹ تا پوسٹ گریجویشن 6ہزار روپئے ادا کئے جاتے ہیں۔میرٹ کم مینس کے تحت ہاسٹل میں مقیم طلبہ کو 30ہزار اور ڈے اسکالرس کو 25ہزار روپئے مقرر ہیں۔ آل انڈیا کورسیس میں زیر تعلیم طلبہ کی مکمل فیس ادا کی جاتی ہے۔