پری میٹرک اسکالر شپس کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کئے جانے کا امکان

مقررہ نشانہ سے 70 ہزار زائد درخواستوں کی وصولی، مرکز کے زائد بجٹ پر تمام درخواستوں پر غور ممکن
حیدرآباد۔/20ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی پری میٹرک اسکالر شپ برائے تعلیمی سال 2014-15 کیلئے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ آج ختم ہوگئی۔ مرکزی حکومت نے پری میٹرک اسکالر شپ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں ایک مرتبہ توسیع کی تھی تاہم اب مزید توسیع کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم منس اسکالر شپ کیلئے درخواستوں کے ادخال کیلئے ابھی مہلت باقی ہے۔ پری میٹرک اسکالر شپ کیلئے آخری دنوں میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں ریاستوں کے طلبہ میں جوش و خروش دیکھا گیا اور تلنگانہ میں آج آخری دن 20000 سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں۔ چونکہ درخواستوں کے آن لائن ادخال کا وقت رات 12بجے تک تھا لہذا اس تعداد میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ پری میٹرک اسکالر شپ کیلئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں ریاستوں میں مقررہ نشانہ سے کہیں زیادہ درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ تلنگانہ میں مقررہ نشانہ سے تقریباً 50ہزار سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ آندھرا پردیش میں یہ تعداد 40ہزار کے قریب ہے۔ اس طرح دونوں ریاستوں میں مجموعی طور پر مقررہ ٹارگٹ سے 70ہزار زائد درخواستیں داخل کی گئیں۔ اس صورتحال میں مرکزی وزارت اقلیتی بہبود اور قومی اقلیتی ترقیاتی فینانس کارپوریشن اسکالر شپ کیلئے اہل امیدواروں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کرے گا۔ لہذا تمام درخواست گذاروں کو اسکالر شپ کی منظوری یقینی نہیں۔ اگر مرکزی حکومت زائد بجٹ مختص کرتی ہے تو تمام درخواست گذار طلبہ اسکالر شپ سے مستفید ہوپائیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ پری میٹرک اسکالر شپ کیلئے نئی درخواستوں کے ادخال کے سلسلہ میں تلنگانہ ریاست کو 66789 طلبہ کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا جبکہ 94582 درخواستیں داخل کی گئیں۔ اسی طرح پری میٹرک کے تحت تجدیدی درخواستوں کے تحت ایک لاکھ 15ہزار 460 درخواستیں داخل کی گئیں۔ اس طرح جملہ 2لاکھ 10ہزار 42 درخواستیں داخل کی گئیں۔ پری میٹرک کے تحت نئی اور رینول کی درخواستوں کی آخری تاریخ آج ختم ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کیلئے فریش درخواستوں کے ادخال کی تاریخ 7اکٹوبر جبکہ رینول کیلئے10 اکٹوبر مقرر ہے۔ ان دونوں زمروں کے تحت جملہ 5665درخواستیں داخل کی گئیں جن میں فریش درخواستیں 4949اور رینول کی 716شامل ہیں۔ پوسٹ میرٹک زمرے کے تحت تلنگانہ کا نشانہ 9948 ہے۔ میرٹ کم مینس اسکالر شپ کیلئے فریش درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 7اکٹوبر ہے جبکہ رینول کیلئے 15نومبر تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ اس زمرے کے تحت تلنگانہ کیلئے 1194کا نشانہ الاٹ کیا گیا جن میں فریش کے تحت ابھی تک1716اور رینول کے تحت161شامل ہیں۔ اس طرح جملہ 1877درخواستیں داخل کی گئیں۔ آندھرا پردیش کیلئے پری میٹرک میں فریش درخواستوں کا نشانہ 61389 مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے ابھی تک ایک کھ 19ہزار 524 درخواستیں وصول ہوچکی ہیں۔ اسی زمرہ کے تحت رینول میں 78ہزار 474 درخواستیں داخل کی گئیں۔ فریش اور رنیول میں جملہ ایک لاکھ97 ہزار998 درخواستیں داخل کی گئیں۔ آندھرا پردیش کیلئے بھی پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس اسکالر شپ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخیں تلنگانہ ریاست کے مطابق برقرار ہیں۔